اسلام آبادکی تاریخ کے پہلے بلدیاتی الیکشن(کل ) ہونگے‘تیاریاں مکمل

انتخابات میں 2400امیدوار حصہ لیں گے، 6 لاکھ 76 ہزار 795 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرینگے،62 پولنگ اسٹیشن حساس ترین، 522 کوحساس قرار دیا گیا ، فوج اور رینجرز سمیت 8 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکاروں کو حساس مقامات پر تعینات کیا گیا ‘ 26 سیاسی جماعتیں اوربڑی تعداد میں آزاد امیدوار میدان میں آگئے

اتوار 29 نومبر 2015 11:52

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 نومبر۔2015ء) اسلام آبادکی تاریخ کے پہلے بلدیاتی الیکشن(کل ) پیر کو ہونگے ۔ انتخابات میں 2400امیدوار حصہ لیں گے جبکہ 6 لاکھ 76 ہزار 795 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرینگے۔62 پولنگ اسٹیشن حساس ترین اور 522 کوحساس قرار دیا گیا ، فوج اور رینجرز سمیت 8 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکاروں کو حساس مقامات پر تعینات کیا گیا ‘ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، مسلم لیگ ق سمیت 26 سیاسی جماعتیں اوربڑی تعداد میں آزاد امیدوار بھی میدان میں اترے ہیں۔

اسلام آباد میں انتخابی مہم کا وقت گزشتہ رات ختم ہوگیا تھا ۔الیکشن کمیشن کے مطابق ڈور ٹو ڈور مہم چلانا بھی ضابطے کی خلاف ورزی ہوگی۔میڈیا پر امیدواروں کے اشتہارات بھی شائع نہیں کئے جائینگے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے ضابطے کی خلاف ورزی پر امیدواروں کو سزائیں دی جائینگی۔سزا میں ایک ہزار جرمانہ اور چھ ماہ قید ہوسکتی ہے۔دوسری طرف انتخابات کی تیاریاں مکمل ہیں۔

بیلٹ پیپرز متعلقہ حکام کو فراہم کردیئے گئے ہیں۔بلدیاتی انتخابات میں 550 نشستوں پر دو ہزار 396 امیدواروں میں مقابلہ ہوگا۔ چیئرمین کے لئے 255 ، جنرل نشستوں پر ایک ہزار 210 ، خواتین کی نشستوں پر 351، کسان اور مزدوروں کی نشستوں پر 248 امیدوار میدان میں آگئے۔نوجوانوں کی نشستوں پر 230 ، اقلیتی نشستوں پر 102 امید وار مدمقابل ہیں۔ 50 یونین کونسلوں میں 6 لاکھ 80 ہزار 612 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں 3 لاکھ 67 ہزار 960 مرد اور 3 لاکھ 12 ہزار652 خواتین ووٹرز ہیں۔