پی ٹی وی پر 2 ارب روپے سرمایہ کاری کا فیصلہ

نئی پالیسی کے تحت ہر محکمہ کو اپنا سالانہ بجٹ پیش کرنا ہوگا جس میں ان کو درکار آلات بھی درج ہوں گے

اتوار 29 نومبر 2015 11:21

پی ٹی وی پر 2 ارب روپے سرمایہ کاری کا فیصلہ

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 نومبر۔2015ء) سرکاری پاکستان ٹیلی ویڑن کارپوریشن (پی ٹی وی) نے بظاہر تیزی سے ترقی کرتے نجی الیکٹرانک میڈیا کا مقابلہ کرنے کیلئے اپنے انفراسٹرکچر پر بھاری سرمایہ کاری کا منصوبہ بنایا ہے۔پی ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد مالک نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پی ٹی وی اپنے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے اگلے دو سالوں میں دو ارب روپے کا سرمایہ لگائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ خریداری میں ڈی ایس این جی وینز، جدید کیمرے، ایڈیٹنگ کا نظام اور لنکنگ ٹرانسمیشن کا سامان شامل ہے۔اسی طرح جلد ہی ایچ ڈی نشریات شروع ہوجائے گی جبکہ اعلیٰ معیار کی نشریات کو یقینی بنانے کے لیے نظام کو مکمل ڈیجیٹل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ کرپشن سے بچنے کے لیے ایک نئی پالیسی تشکیل دی گئی ہے۔ماضی میں کچھ محکموں میں ساز و سامان نیلامی کے ذریعے خریدا جاتا تھا جو کہ بظاہر ایک مشکوک عمل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نئی پالیسی کے تحت ہر محکمہ کو اپنا سالانہ بجٹ پیش کرنا ہوگا جس میں ان کو درکار آلات بھی درج ہوں گے۔مالک کے مطابق ایک شفاف عمل کے ذریعے پرچیزنگ افسر کا انتخاب کیا جائے گا۔پی ٹی وی کی مالی صورتحال کے حوالے سے مالک نے بتایا کہ جب انہوں نے ذمہ داری سمبھالی تو پی ٹی وی کے ذمہ واجب الادا رقم تقریباً دو ارب سے زیادہ تھی مگر گوشواروں میں یہ ظاہر کیا گیا کہ ادارہ منافع میں جارہا ہے۔

محمد مالک کا کہنا تھا کہ دو ارب کے واجبات ادا کر دیے گئے ہیں اور مزید کوئی میڈیکل بل نہیں رہتا اور ادارے پر مزید کسی ملازم کے بقایاجات واجب الادا نہیں۔ایم ڈی کا مزید کہنا تھا کہ نو سو ملین روپے پینشن اور ٹرانسپورٹ کی مد میں ادا کردیے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی وی ایشیا پیسیفک بروڈ کاسٹنگ کا رکن جس کی فیس سالوں سے ادا نہیں کی گئی تھی لیکن شرمندگی سے بچنے کیلئے ان کے دور میں ایک کروڑ روپے سے زائد فیس ادا کر دی گئی۔

متعلقہ عنوان :