اپریل 2016ء میں آذربائیجان اور پاکستان دونوں میں ایک نمائش اور فورم منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ‘ڈاشگن شیکروف

ہفتہ 28 نومبر 2015 14:15

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 نومبر۔2015ء) آذربائیجان کے سفیر ڈاشگن شیکروف نے کہا ہے کہ اپریل 2016ء میں آذربائیجان اور پاکستان دونوں میں ایک نمائش اور فورم منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے جس میں پاکستانی تاجروں کو بھرپور حصہ لینا چاہیے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیا ، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

سفیر نے کہا کہ مجوزہ نمائش اور فورم پاکستانی تاجروں کو آذربائیجان کے تاجروں سے رابطے مضبوط کرنے کا موقع فراہم کریں گے۔ اہوں نے کہا کہ آذربائیجان پاکستان کے ساتھ تجارتی و معاشی تعاون کو فروغ دینے کی شدید خواہش رکھتا ہے، دونوں ممالک کے تاجروں کی مشترکہ کوششیں وسیع پیمانے پر موجود پوٹینشل سے فائدہ اٹھانے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی وفود کے تبادلے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ لاہور چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات ہیں مگر باہمی تجارت اس کی عکاسی نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ سال 2013ء میں پاکستان کی آذربائیجان کو برآمدات کا حجم 49.7ملین ڈالر تھا جو سال 2014 میں کم ہوکر 27.7ملین ڈالر رہ گیا۔

شیخ محمد ارشد نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے بڑے تجارتی حصے داروں میں شامل نہیں، دونوں ممالک کو اس جانب توجہ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی کم تجارت کی ایک بڑی وجہ تجارتی معلومات کا فقدان بھی ہے، دونوں ممالک کے تاجروں کو تجارتی معلومات کا تبادلہ باقاعدگی سے کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے ایران پر سے پابندیاں اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے ، پاکستان ایران کے ذریعے آذربائیجان کو باآسانی اشیاء مہیا کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو ایسی مصنوعات کی تجارت پر توجہ دینی چاہیے جو وزن میں کم مگر ویلیو میں زیادہ ہوں۔