داعش کی جانب سے پنجاب کے مختلف مقامات پر حملوں کی منصوبہ بندی کا انکشاف

ہفتہ 28 نومبر 2015 13:55

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 نومبر۔2015ء) شام اور عراق میں سرگرم شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ (داعش)کی جانب سے صوبہ پنجاب کے مختلف مقامات پر حملوں کی منصوبہ بندی کا انکشاف ہوا ہے ، ضلع گجرات میں جلال پور جٹان روڈ پر گشت کرنے والی فوج کی گاڑیوں اور جی ٹی روڈ پر پولیس موبائلوں پر حملے کا خطرہ ظاہر کر دیا گیا ، 5دہشت گردوں کا گروپ لاہور پہنچ چکا ہے جو نجی اداروں بالخصوص ان کے سکیورٹی گارڈز کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق ایک طرف حکومت ملک میں دہشت گرد تنظیم داعش کی عملی طور پر موجودگی نہ ہونے کا دعویٰ کرتی ہے تو دوسری طرف اسے داعش کے حملوں کا خطرہ بھی ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب نے انٹیلی جنس ایجنسیوں کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خبردار کیا ہے کہ داعش صوبے میں مختلف مقامات پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

حکومتی الرٹ میں خاص طور پر ضلع گجرات میں جلال پور جٹان روڈ پر گشت کرنے والی فوج کی گاڑیوں اور جی ٹی روڈ پر پولیس موبائلوں پر حملے کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔

نجی اداروں پر حملے کے خدشے کے حوالے سے انٹیلی جنس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 5دہشت گردوں کا گروپ لاہور پہنچ چکا ہے جو نجی اداروں بالخصوص ان کے سیکیورٹی گارڈز کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

انٹیلی جنس حکام کے مطابق اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے لوگ اور غیر ملکی بھی دہشت گردی کا نشانہ بن سکتے ہیں۔نجی ٹی وی نے سرکاری ذرائع نے حوالے سے بتایا کہ داعش کے حملوں کے خطرے کے پیش نظر پولیس اور کانٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کو فول پروف سکیورٹی انتظامات کی ہدایت کی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ پولیس و فوج کی گاڑیاں اور نجی ادارے داعش سے منسلک دہشت گردوں کی ہٹ لسٹ پر ہیں۔

داعش کے حملوں کے حوالے سے انٹیلی جنس ایجنسیوں کی یہ رپورٹ وفاقی حکومت کے ان دعوؤں سے متصادم ہے کہ پاکستان میں داعش کا کوئی وجود نہیں۔تاہم وزیر قانون پنجاب رانا ثناہ اللہ نے بات کرتے ہوئے اس خطرے کو معمول کی بات قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بالخصوص صوبہ پنجاب میں داعش کا کوئی وجود نہیں، کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے چند شدت پسند مسائل پیدا کر رہے ہیں جن کے خاتمے کے لیے حکومت کوشش کر رہی ہے۔دوسری جانب راولپنڈی کے ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او)محمد فخر سلطان راجا حملوں کے خطرے کے پیش نظر نجی اداروں کے تعاون سے احتیاطی اقدامات اٹھانے پر غور کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :