وزیر اعلی پنجاب نے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ پرجدید انسٹرومنٹ لینڈنگ سسٹم کا افتتاح کر دیا، مقررہ وقت میں تنصیب یقینی بنانے پرسول ایوی ایشن کومبارکباد

آئی ایل ایس تھری سسٹم ،فلائٹس میں ہونیوالی تاخیر ختم ہوگی، دھند کے باعث فلائٹس کا روٹ تبدیل نہیں ہوگا ، مسافروں اور ایئر لائنز کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ محمد شہباز شریف

ہفتہ 28 نومبر 2015 13:34

لاہور۔28 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 نومبر۔2015ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ پرجدید انسٹرومنٹ لینڈنگ سسٹم آئی ایل ایس کیٹ تھریCAT-III B(ILS) کا افتتاح کر دیا۔افتتاحی تقریب میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ایوی ایشن کیپٹن شجاعت عظیم ،صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ،چیئرمین لاہورٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان،سیکرٹری سول ایوی ایشن محمد عرفان الٰہی،ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن ائر مارشل عاصم سلمان،کامران ملک سمیت دیگر اعلیٰ عہدیدارن بھی اس موقع پر موجودتھے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے سول ایوی ایشن ٹیم کو آئی ایل ایس تھری سسٹم کی مقررہ وقت میں تنصیب کو بروقت یقینی بنانے پر مبارکباد دی اور کہا کہ لاہور ائرپورٹ پر آئی ایل ایس تھری کاجدید نظام لگائے جانے کے بعدسسٹم دھند کے دوران طیاروں کو 50 میٹر کی حدود تک دیکھنے کی صلاحیت کے ساتھ لینڈنگ کی سہولت بھی فراہم کر ے گا جس سے نہ صرف فلائٹس میں ہونے والی تاخیر ختم ہوگی بلکہ دھند کے باعث فلائٹس کا روٹ تبدیل نہیں ہوگانیز مسافروں اور ایئر لائنز کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پراجیکٹ انچارج انسٹرومنٹ لینڈنگ سسٹم اختر مرزا نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ پراجیکٹ رواں سال جون میں شروع کیا گیا تھا جس کی لاگت 25 ملین امریکی ڈالر ہے،نیز مذکورہ سسٹم کی تنصیب کے بعدائر لائن کمپنیوں کو سالانہ400ملین روپے کی بچت بھی ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ منصوبہ کی تکمیل کی ذمہ داری ایک سوئیڈش کمپنی سیف گیٹ کو دی گئی تھی جبکہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے انہیں لاجسٹکس کے حوالے سے تمام تر سہولیات فراہم کیں جبکہ بہترین انتظامی امور کے باعث آئی ایل ایس تھری کورن وے پر اپ گریڈ کرنے کا کام 5 ماہ کی قلیل اور ریکارڈ مدت میں مکمل کرلیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ سسٹم کے آغاز کے ساتھ ہی پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایک اور سنگ میل طے کرلیا ہے۔

ائرپورٹ منیجر راشد محمدحسین نے میڈیا کو بتایا کہ محفوظ لینڈنگ سسٹم قطر کی سول ایوی ایشن نے دیا ہے،جد ید سسٹم کی تنصیب سے لاہور ایئر پورٹ جنوبی ایشیا میں اس سہولت کا حامل دوسرا اور پاکستان کاپہلا ایئر پورٹ بن گیا ہے، زمین پر نصب کیا جانے والایہ جدید سسٹم ہے جو دھند ، برسات ، دھوپ اور ماحول میں رونماء ہونے والی دیگر موسمی تبدیلیوں کے دوران جہاز کی بحفاظت لینڈنگ میں راہنمائی کرتا ہے۔

ترجمان سول ایوی ایشن کامران ملک نے میڈیا کو بتایا کہ لاہور ایئر پورٹ پر اس سے قبل 350 میٹر تک دیکھنے کی صلاحیت پر جہاز کی لینڈنگ ممکن نہیں تھی جس کی وجہ سے نہ صرف فلائٹس میں تاخیر ہوتی تھی بلکہ روٹس کی تبدیلی سے ایئر لائنز اورمسافروں کو بھی مشکلات کا سامنا تھا تاہم آئی ایل ایس کیٹ تھری بی کی مدد سے اب 50 میٹرتک دیکھنے کی صلاحیت پر جہاز کی بحفاظت لینڈنگ ممکن ہوگی۔

ترجمان کے مطابق اس سسٹم کی تنصیب سے جہاں ایئر لائنز کو بھاری رقوم کی بچت ہو گی وہاں اس سے نہ صرف ایئر لائنز کو لاہور ایئر پور ٹ پر اپنا شیڈول برقرار رکھنے میں مدد ملے گی بلکہ ایئر پورٹ پر مسافروں کو بہترین سفری سہولیات میسر ہونگی،علاوہ ازیں دھندیا دیگر خراب موسمی حالات کے دوران جہاز کی کارکردگی اور بحفاطت لینڈ کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوگا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ یہ سسٹم پاکستان سول ا یوی ایشن اتھارٹی کی ایئر نیویگیشن کی سہولت میں ایک بہترین اضافہ ہے جس سے دنیا بھر میں پاکستان کے بار میں ایک اچھا تاثر قائم ہو گا۔ ترجمان کے مطابق اس سسٹم کی تنصیب پر وزیر اعظم محمد نوازشریف اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے جنہوں نے پاکستان کے ایئر پورٹس کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کا احسن قدم اٹھایا۔