لاہور‘ کراچی اور سکھر میں پولیس مقابلے‘ پانچ ڈاکومارے گئے‘ تین فرار‘ مقابلے میں ایک پولیس اہلکار بھی زخمی

ہفتہ 28 نومبر 2015 12:32

لاہور / کراچی/سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 نومبر۔2015ء) لاہور‘ کراچی اور سکھر میں پولیس مقابلوں کے دوران پانچ ڈاکو مارے گئے جبکہ تین موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں سے اسلحہ اور لوٹی ہوئی رقم اور سامان برآمد ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہورمیں رستم پارک میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا جس کے نتیجے میں دو ڈاکو ہلاک اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔

پولیس اور ڈاکووں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ڈاکو شدید زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کو ہسپتال منتقل کر رہے تھے کہ راستے میں جاں بحق ہو گئے جبکہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگیا جسے ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔ ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ ڈاکووں سے لوٹی ہوئی رقم اور سامان بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا لیاری کے علاقے چاکیواڑہ میں پولیس سے مقابلے کے دوران دو ڈاکو ہلاک ہوگئے۔ سکھر میں بھی پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو جان سے گیا۔ پولیس کے مطابق لیاری کے علاقے چاکیواڑہ میں تین مسلح ڈاکو گھر میں لوٹ مار کر رہے تھے جس کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی جس سے پولیس کانسٹیبل محمد انور زخمی ہو گیا۔

پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دو ڈاکو ہلاک ہوگئے جبکہ ان کا تیسرا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ہلاک ہونے والے ڈاکووں کی شناخت تاحال نہیں ہوپائی جبکہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ ادھر سکھر میں پرانا بس سٹینڈ کے قریب ڈاکو ڈکیتی کی نیت سے چھپے ہوئے تھے۔ پولیس کے آنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی۔ پولیس اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔