حسینہ حکومت امن و استحکام کے بجائے نفرتوں اور خون ریزی کے بیج بورہی ہے،ہدایت الرحمان بلوچ

حسینہ کو یاد رکھنا چاہیے ظلم کا انجام ہمیشہ عبرتناک ہوتا ہے،صوبائی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی

جمعہ 27 نومبر 2015 22:57

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 نومبر۔2015ء) جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ واضح دھاندلی اور ہندوستانی پشتیبانی سے اقتدار میں آنے والی حسینہ حکومت ملک میں امن و استحکام کے بجائے نفرتوں اور خون ریزی کے مزید بیج بورہی ہے۔ اسے یاد رکھنا چاہیے کہ ظلم کا انجام ہمیشہ عبرتناک ہوتا ہے۔ پاکستان سے محبت کی سزا جماعت اسلامی کودیکر بنگلہ دیش بھارت کو خوش کر رہا ہے ۔

حکومت پاکستان اور سیاسی جماعتوں کو بھی بنگلہ دیش میں مظالم پر بھر پور آوازبلند کرنی چاہیے جماعت اسلامی دنیابھر میں مظالم دہشت گردی پر آوازبلند کرتی رہیگی ۔ ہم بنگلہ دیش میں حسینہ واجد کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے حب لسبیلہ میں بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے بے گناہ قیمتی علمائے کرام دانشوروں کی پھانسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی مظاہرے سے امیر ضلع مولانانیازمحمد ، جمعیت طلبہ عربیہ کے خلیل الرحمان محمد اقبال ابڑو ،مولانا عبدالمالک منصوری نے بھی خطاب کیا انہوں نے کہا کہ ان رہنماؤں کو ۱۹۷۱ میں اپنے وطن پاکستان کا دفاع کرنے کی سزا دی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

حسینہ حکومت نہ صرف بے گناہ سیاسی قائدین اور فرشتہ صفت علماء کرام پر قتل عام کے جھوٹے الزامات لگا رہی ہے بلکہ انہیں وطن دشمن قرار دے رہی ہے۔ قبل ازیں مستونگ میں بھی جماعت اسلامی کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرہ ہوا جس سے جماعت اسلامی مستونگ کے امیر مولانا عبدالمالک ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بے حسی یا زبانی جمع خرچ کرنے کے بجائے ہر متعلقہ عالمی پلیٹ فارم پر اس مسئلے کو اُٹھائے۔

بنگلہ دیش ہمارا برادر اسلامی ملک ہے ہم بنگلہ دیش کی ریاست اور عوام سے دوستی، بھائی چارے اور مضبوط تعاون کے تعلقات چاہتے ہیں۔ حسینہ حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ سیاسی انتقام اور دشمنوں کو خوش کرنے کی خاطر عدل و انصاف کا خون نہ کرے۔ اس کے حالیہ اقدام تمام تر قانونی، عدالتی، اخلاقی اور انسانی اقدار کی نفی کررہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :