اسلام آباد کے باشعور عوام عوامی تحریک کے نامزد امیدواروں کو کامیاب کروائیں گے،عمرریاض

جمعہ 27 نومبر 2015 22:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 نومبر۔2015ء) پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمرریاض عباسی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے باشعور عوام عوامی تحریک کے نامزد اور حمایت یافتہ امیدواروں کو کامیاب کروا کے قاتل حکمرانوں کے نمائندوں کے خلاف فیصلہ دیں،نچلی سطح تک اختیارات کی منتقلی عوامی تحریک کے منشور کا اہم جز ہے،عوامی تحریک اختیارات کی مرکزیت کاخاتمہ کر کے ،عام آدمی کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا چاہتی ہے،35صوبوں کا قیام بھی ڈاکٹر طاہرالقادری کے منشور کاحصہ ہے،ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز کراچی کمپنی میں عوامی تحریک اور پیپلزپارٹی کے مشترکہ امیدوار کی کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر مشترکہ امیدوار برائے چیئرمین سردارجہانگیر، عوامی تحریک کے ابراررضاایڈووکیٹ،عرفان طاہر،سفیان صابر،عثمان امین،نعمان کریم،عاطف محمود،ایازصابر اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

عمرریاض عباسی نے کہا کہ انصاف کی فراہمی کے آرٹیکلز پر عملدرآمد نہیں ہورہا،انصاف،تعلیم،صحت،روزگار،سر چھپانے کے لئے چھت جیسی بنیادی سہولیات مہیا کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے لیکن ہمارے حکمرانوں نے ریاست کو اپنے مفادات کی بھینٹ چڑھا دیا ہے،عوام کو بنیادی حقوق نہیں دئے گئے آئین پرعمل درآمد نہیں کیا گیا،حکمران آئین کے باغی ہیں۔

انہوں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کاذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے شہداء کو بھولے ہیں اور نہ ہی اس کا تصور کر سکتے ہیں۔ماڈل ٹاؤن میں ہمارے بچوں کا خون بہا جسے کسی صورت معاف نہیں کرینگے۔ شہداء کا خون اور یتیم ہونے والے بچوں کے آنسو رائیگاں نہیں جائیں گے۔ نیشنل ایکشن پلان کو ناکام بنانے والا یہی کرپٹ ٹولہ ہے جو دہشتگردی کو ختم کرنے کے حوالے سے بیانات جاری کر کے آنکھوں میں دھول جھونک رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کو پامال کرنے والے اور انصاف کا راستہ روکنے والے موجودہ حکمران سب سے بڑی دہشتگردہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے اہم فیصلے ہونگے۔ عمرریاض عباسی نے مزید کہا کہ نااہل اور دہشتگردوں کی ہمدرد حکومتوں کی وجہ سے دہشتگردی کا خطرہ بدستور قائم ہے۔ انہوں مزار قائد کو دہشتگردی کے خطرے کے پیش نظر بند کرنے کی اطلاعات پر کہا کہ ان نااہل اور دہشتگردوں کے سرپرست حکمرانوں کی موجودگی میں کچھ بھی محفوظ نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :