وزیرداخلہ سے راجہ فاروق حیدراوسرسینیٹرمیرحاصل خان بزنجو کی ملاقاتیں، آزادکشمیر اور بلوچستان کی سیاسی صورتحال،دونوں خطوں میں آئندہ حکومت سازی اور پارٹی کے تنظیمی امورپر تبادلہ خیال

مسلم لیگ(ن) آزادکشمیر کے صدر کی چوہدری نثار کو آزادکشمیر کی سیاسی صورتحال اور آئندہ عام انتخابات بارے پارٹی کی ممکنہ حکمت عملی سے متعلق بریفنگ

جمعہ 27 نومبر 2015 22:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 نومبر۔2015ء) وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان سے مسلم لیگ(ن) آزادکشمیر کے صدرراجہ فاروق حیدرخان اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے صدرسینیٹرمیرحاصل خان بزنجو کی ملاقاتیں،دونوں راہنماؤں نے وزیرداخلہ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں میں آزادکشمیر اور بلوچستان کی سیاسی صورت حال،دونوں خطوں میں آئندہ حکومت سازی اور پارٹی کے تنظیمی امورپر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

راجہ فاروق حیدر نے وزیرداخلہ کو آزادکشمیر کی سیاسی صورت حال اور آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے پارٹی کی ممکنہ حکمت عملی کے بارے میں بریف کیا،انہوں نے وزیرداخلہ کو آگاہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کے بارے میں وزیراعظم نوازشریف اوروزیرداخلہ کے جرات مندانہ موقف اور جاندار بیانات کو آزادکشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں ایک مثبت پیغام کے طوپر لیاگیاہے اورجدوجہد آزادی میں مصروف کشمیری حریت پسندوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں،وزیرداخلہ نے راجہ فاروق حیدر کو یقین دلایا کہ ن لیگ کی حکومت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی ہرفورم پر حمایت جاری رکھے گی،پاکستان کشمیریوں کے حق آزادی کے حصول تک سیاسی،سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھے گی،انہوں نے راجہ فاروق حیدر کو آزادکشمیر میں آئندہ انتخابات میں کامیابی کے لیے پارٹی کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور وزیراعظم نوازشریف کے تعمیروترقی کے وژن کو آزادکشمیر کے کونے کونے تک پہنچانے اورعوام کو اپنے حقوق کے لئے بیدار کرنے کی ضرورت پر زوردیا،بعدازاں بلوچستان نیشنل پارٹی کے صدر سینیٹرحاصل خان بزنجو نے وزیرداخلہ سے ملاقات کی اور بلوچستان میں حکومت سازی کے حوالے سے معاہدہ مری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا،انہوں نے وزیرداخلہ کو بلوچستان کی سیاسی صورت حال اورڈاکٹر مالک حکومت کی اڑھائی سالہ کارکردگی کے حوالے سے آگاہ کیا،وزیرداخلہ نے گذشتہ اڑھائی سال کے دوران صوبائی حکومت کی طرف سے امن وامان اور تعمیر وترقی کے منصوبوں بالخصوص تعلیم اور صحت کے شعبوں میں پیش رفت پر صوبائی حکومت کی تعمیر کی انہوں نے ن لیگ اورنیشنل پارٹی کی مخلوط حکومت کی کامیابی کے لیے مشاورت کے ساتھ آگے بڑھنے اور مل جل کر عوامی مشکلات کی آسانی کے لیے کام کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔