14فلور ملوں کے تیار کردہ آٹا کو ناقص قرار دید یا گیا

جمعہ 27 نومبر 2015 22:15

14فلور ملوں کے تیار کردہ آٹا کو ناقص قرار دید یا گیا

فیصل آباد۔27 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 نومبر۔2015ء)فیصل آباد ڈویژن کی 14فلور ملوں کے تیار کردہ آٹا کے نمونے ناقص قرار دے دئیے گئے ہیں ۔ شہریوں کو معیاری آٹے کی فراہمی کے لئے صوبائی سطح پر ملاوٹ مافیا کے خلاف جاری مہم کے دوران 2015ء میں فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع سے مجموعی طور پر 39فلور ملز سے آٹے کے نمونے حاصل کئے گئے تھے جو لیبارٹری میں بھجوائے گئے تھے۔

(جاری ہے)

ان نمونہ جات میں سے 33فلور ملوں سے حاصل کئے گئے نمونہ جات کے رزلٹ محکمہ خوراک فیصل آباد کو موصول ہو گئے ہیں۔ ان نمونہ جات کی رپورٹ کے مطابق 19معیاری جبکہ 14کو غیر معیاری قرار دیا گیا ہے جن میں ضلع فیصل آباد کی 6، ٹوبہ ٹیک سنگھ کی 3اور ضلع جھنگ کی 5فلور ملیں شامل ہیں۔ محکمہ خوراک کے ذرائع کے مطابق ضلع فیصل آباد کی تین فلور ملوں کو 21ہزار روپے جرمانہ جبکہ تین فلور ملوں کو وارننگ جاری کی گئی ہے ۔ اسی طرح ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تین فلور ملوں کو وارننگ اور ضلع جھنگ کی ایک فلور مل کو 5ہزار روپے جرمانہ اور 4فلور ملوں کو وارننگ جا ری کی گئی ہے۔