سپریم کورٹ نے لڑکیوں کو اغواء کر کے فحاشی کے اڈوں پر فروخت کرنیوالے گروہ کی رکن کی درخواست ضمانت مسترد کر دی

جمعہ 27 نومبر 2015 21:43

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 نومبر۔2015ء) سپریم کورٹ نے پنجاب سے لڑکیوں کو اغواء کر کے سندھ میں فحاشی کے اڈوں پر فروخت کرنے والے گروہ کی رکن ہاجرہ بی بی کی درخواست ضمانت مسترد کر دی ۔گزشتہ روز سپریم کورٹ رجسٹری برانچ لاہور میں جسٹس اعجاز احمدچوہدری کی سربراہی میں قائم دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست ضمانت پر ملزمہ کے وکیل نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ پولیس نے اسے بلاجواز لڑکی کے اغواء کے مقدمے میں نامزد کیا ہے جبکہ ملزمہ کا مغوی یا مقدمے سے کوئی تعلق نہیں۔

ایڈیشنل پراسکیوٹر جنرل مظہر شیر اعوان نے بنچ کو بتایا کہ ملزمہ نے انور بی بی کی دوبیٹیوں کو اغواء کیا جن میں سے ایک لڑکی ممتاز سندھ میں فحاشی کے اڈے سے فرار ہو کر اپنے گھر پہنچی اور اس نے مجسٹریٹ کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہا کہ اسے ہاجرہ بی بی نے سندھ میں اڑھائی لاکھ روپے کے عوض فروخت کیا جہاں وہ ایک عرصہ تک عصمت دری کا نشانہ بنتی رہی ۔فاضل بنچ نے مقدمے کے ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد ملزمہ کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔

متعلقہ عنوان :