آپریشن ضرب عضب کے باوجود عالمی سطح تک کردار ادا کر رہے ہیں‘ پاک فوج عالمی امن کے قیام کی کوششوں میں شرکت فرض سمجھتی ہے ‘ پاکستان یواین امن مشنز میں بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا‘ اقوام متحدہ کے تحت 6 ممالک میں پاکستانی فوج تعینات ہے

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا آئیوری کوسٹ کے دورہ کے موقع پر افسران اور جوانو ں سے خطاب

جمعہ 27 نومبر 2015 21:08

آپریشن ضرب عضب کے باوجود عالمی سطح تک کردار ادا کر رہے ہیں‘ پاک فوج ..

راولپنڈی/ آئیوری کوسٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 نومبر۔2015ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے باوجود عالمی سطح تک کردار ادا کر رہے ہیں‘ پاک فوج عالمی امن کے قیام کی کوششوں میں شرکت فرض سمجھتی ہے ‘ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز میں بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا‘ اقوام متحدہ کے تحت 6 ممالک میں پاکستانی فوج تعینات ہے۔

جمعہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آئیوری کوسٹ کا دورہ کیا اور پاکستانی فوجی جوانوں کے ساتھ دن گزارا۔ آرمی چیف نے فوجی افسروں اور جوانوں کی خدمات کو سراہا اور یو این مشن میں تعینات فوجی جوانوں اور افسران کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آئیوری کوسٹ میں تعینات جوانوں سے خطاب بھی کیا۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں انہوں نے کہاکہ پاکستان عالمی امن کے قیام میں اپنے تاریخی کردار پر فخر کرتا ہے۔ پاکستان کی فوج اقوام متحدہ کے امن مشن میں کلیدی کردار ادا کررہی ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج عالمی امن کے قیام کی کوششوں میں شرکت فرض سمجھتی ہے۔ پاکستان ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پر عزم ہے۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشن میں بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔

پاک فوج دنیا بھر میں سبز ہلالی پرچم کی سربلندی کیلئے کام کرتی رہے گی۔ آرمی چیف نے کہاکہ اقوام متحدہ کے تحت 6 ممالک میں پاکستانی فوج تعینات ہے۔ پاکستان امن مشن میں سب سے زیادہ فوجی بھیجنے والا ملک ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آئیوری کوسٹ کے صدر نے پاک فوج کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف 5 روزہ دورے پر امریکہ گئے تھے جس کے بعد وہ 3 رو ز کیلئے برازیل چلے گئے تھے مگر وہاں پہلے ان کی مصروفیات کے باعث دورے کو مزید طوالت دینا پڑی اور تاحال وہ برازیل میں ہی ہیں ۔ ابھی ان کی واپسی سے متعلق کوئی اطلاعات نہیں ہیں۔