کوئی بھی موجودہ رکن پارلیمنٹ نادرا میں غیر ملکیوں کی بھرتیوں میں ملوث نہیں ، گزشتہ حکومت میں ایک رکن پارلیمنٹ کیخلا ف اس حوالے سے تحقیقات ہو رہی ہیں‘تر جمان وزارت داخلہ کا وضاحتی بیان

جمعہ 27 نومبر 2015 20:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 نومبر۔2015ء) تر جمان وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ موجودہ کوئی بھی رکن پارلیمنٹ نادرا میں غیر ملکیوں کی بھرتیوں میں ملوث نہیں ہے، گزشتہ حکومت میں ایک رکن پارلیمنٹ کیخلا ف اس حوالے سے تحقیقات ہو رہی ہیں۔ جمعہ کو اپنے ایک وضاحتی بیان میں ترجمان وزارت داخلہ نے کہا کہ نادراکو بدعنوان عناصر سے پاک کر نے کیلئے جاری آپریشن بلا روک ٹوک جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

تر جمان کے مطابق وزیر داخلہ نے قومی اسمبلی میں کسی موجودہ رکن کے غیر ملکیوں کو نادرا میں بھرتی کروا نے میں ملوث ہونے کی بات نہیں کی اور نہ ہی کو ئی موجودہ رکن پارلیمنٹ اس حوالے سے ملوث ہے۔ سابق حکومت کے دور میں رکن پارلیمنٹ کی جانب سے غیر ملکی کو نادرا میں بھرتی کر نے کے حوالے سے تحقیقات ہو رہی ہیں ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں کہا تھا کہ کچھ اراکین پارلیمنٹ غیر ملکیوں کو نادرا میں بھرتی کروانے میں ملوث ہیں۔