313درآمدی اشیاء پر ریگولیٹری ڈیوٹی بڑھانے سے سمگلنگ کوتقویت ملے گی ‘خاجہ خاور رشید

جمعہ 27 نومبر 2015 20:39

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 نومبر۔2015ء )ایف پی سی سی آئی قائمہ کمیٹی برائے امن و امان کے چیئرمین خواجہ خاور رشید نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے40ارب روپے جمع کرنے کیلئے 313درآمدی اشیاء پر ریگولیٹری ڈیوٹی بڑھانے سے سمگلنگ کوتقویت ملے گی اور انڈر انوئسنگ بھی کنٹرول میں نہیں رہے گی۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے حکومت کے ریونیو کا بھی نقصان ہو گااس لئے حکومت اپنے فیصلہ پر نظر ثانی کرے۔

انہوں نے کہا کہ درآمدی پھل،سبزی،دہی،مکھن،ڈبل روٹی ،مشروبات،شیمپو سمیت 313 اشیاء پر ریگولیٹری ڈیوٹی بڑھانے سے سمگلنگ میں بہت زیادہ اضافہ ہو گا ،یہ ڈیوٹی ان تمام سکیٹرز پر لگائی گئی ہے جو پہلے ہی نیٹ ورک میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمگلنگ سے مقامی انڈسٹریز بحران کا شکار ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کو ملک میں بڑھتی ہوئی سمگلنگ کی وجہ سے بھاری نقصان برداشت کر نا پڑ رہا ہے۔

حکومت چھوٹے تاجروں کو درآمدی ڈیوٹی کی شرح میں ریلیف دے اس کے علاوہ حکومت غریب عوام کیلئے خصوصی ریلیف فراہم کرے ۔ خاور رشید نے مزید کہا کہ وہ اشیاء جو سمگل ہو کر پاکستان غیر قانونی طور پر آتی ہیں ان پر سختی کی جائے اور اشیاء پر ڈیوٹیاں کم کی جائیں تاکہ قانونی طریقے سے یہ مال امپورٹ ہواور سرکاری خزانے میں بھی کروڑوں روپے وصول ہوں۔سمگلنگ اور انڈر انوئسنگ نے ہماری مقامی امپورٹ اور انڈسڑی کو بری طرح سے نقصان پہنچایا ہے اس کو روکنے کیلئے حکومت کو آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہو گا۔