مذاکرات کے نتیجے میں مدارس اور حکومت کے درمیان معاملات کی اصلاح کیلئے بہتر فیصلے ہو رہے ہیں‘ مولانا طاہر اشرفی

امید ہے مدارس کی آزادی اور خود مختاری کو سلب کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی جائے گی‘چیئرمین پاکستان علماء کونسل کا خطاب

جمعہ 27 نومبر 2015 20:27

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 نومبر۔2015ء) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ آج اسلام کے نام پر مختلف فتنے ابھر رہے ہیں اور اپنی خواہشات کو اسلام کا نام دے رہے ہیں، ایسے فتنوں کو روکنا علماء اور مسلم امہ کی ذمہ داری ہے،مدارس عربیہ کے طلباء اور اساتذہ کو عصر حاضر کے تقاضوں اور جدید علوم سے آگاہی کیلئے ہر سطح پر کوشش کر رہے ہیں،مدارس عربیہ کے اساتذہ اور طلباء کو اسلام کی حقیقی تصویر کو دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے۔

یہ بات انہوں نے پاکستان علماء کونسل ساہیوال کے زیر اہتمام ہونے والی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ جہاد اسلام کا بنیادی رکن ہے لیکن جہاد کیلئے اسلام نے ضابطے مقرر کر رکھے ہیں۔

(جاری ہے)

کسی گروہ ، جماعت یا فرد کو یہ اختیار نہیں دیا جا سکتا کہ وہ اپنی خواہشات کو اسلام کا نام دے دے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل مدارس عربیہ کے طلباء ، آئمہ ، خطباء اور مدرسین کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے کوشاں ہے ۔

پاکستان علماء کونسل کے سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ اسلام کو دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے ساتھ جوڑنے والے ہی دراصل اسلام کے دشمن ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام اعتدال کا دین ہے اور رسول اکرم صلی اﷲ علیہ وسلم کی تعلیمات پوری انسانیت کیلئے ہیں۔ علماء ، طلباء پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اسلام کی حقیقی تعلیمات کو دنیا تک پہنچائیں۔

پاکستان علماء کونسل کے وائس چیئرمین مولانا ایوب صفدر نے کہا کہ مدارس عربیہ کو کوئی خطرہ نہیں ہے ۔قومی ایکشن پلان کے آنے کے بعد مدارس عربیہ نے قومی سلامتی کے اداروں اور حکومت سے مکمل تعاون کیا ہے ۔ وفاق وزارت داخلہ اور وزارت مذہبی امور سے مذاکرات کے نتیجے میں مدارس اور حکومت کے درمیان معاملات کی اصلاح کیلئے بہتر فیصلے ہو رہے ہیں۔

ہمیں امید ہے کہ مدارس کی آزادی اور خود مختاری کو سلب کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی جائے گی۔ پاکستان علماء کونسل پنجاب کے صدر مولانا حافظ محمد امجد نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کے تحت ہونے والی تربیتی نشستوں میں ہزاروں طلباء و اساتذہ شریک ہورہے ہیں اور پاکستان طلباء کونسل کے تحت ربیع الاول کے مہینے میں طلباء کے درمیان مختلف موضوعات پر تقریری اور تحریری مقابلے کروائے جائیں گے ۔ نشست سے مولانا عبد الحمید وٹو ، مولانا شبیر احمد عثمانی ، مولانا محمدشفیع قاسمی ، مولانا انوار الحق مجاہد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :