شام میں فوجی کارروائی کا امکان اب بھی موجود ہے،سعودی وزیرخارجہ

تما م شامی اپوزیشن گروپوں سے رابطے میں ہیں،ویانا مذاکرات سے قبل سعودی عرب میں اجلاس کرانا چاہتے ہیں،پریس کانفرنس

جمعہ 27 نومبر 2015 18:03

شام میں فوجی کارروائی کا امکان اب بھی موجود ہے،سعودی وزیرخارجہ

الریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 نومبر۔2015ء) سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ شام میں عسکری کارروائی کا آپشن موجود ہے۔ سعودی عرب بشار الاسد کو ایوان اقتدار سے باہر نکالنے کی جدوجہد کرنے والے اپوزیشن جنگجوؤں کی حمایت جاری رکھے گا۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے دورے پر آئے اپنے آسٹرین ہم منصب سباسٹین کورٹز کے ہمراہ ریاض میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عادل الجبیر نے کہا کہ ان کا ملک شام کے مختلف اپوزیشن گروپوں سے رابطے میں ہے تاکہ ویانا کے امن مذاکرات سے پہلے وہ سعودی عرب میں اپنا اجلاس منعقد کر کے کسی متفقہ موقف پر پہنچ سکیں۔

ڈاکٹر الجبیر نے نیوز کانفرنس کو بتایا کہ فوجی کارروائی کا امکان ابھی تک موجود ہے اور شامی اپوزیشن کی حمایت اب بھی جاری ہے۔اگر شامی اپوزیشن گروپوں کی سعودی عرب میں کانفرنس منعقد ہوئی تو اس کا مقصد شامی اپوزیشن کو متحد کرنا اور انہیں ایک متحدہ موقف اختیار کرنا ہو گا تاکہ کسی پرامن حل تک پہنچ کر بشار الاسد کا اقتدار ختم کرایا جا سکے۔