دنیا میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی اور اس کے تدارک کے لئے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں‘ مالاکنڈ میں حالیہ زلزلے سے لاکھوں افراد متاثر ہوئے‘ ان کی بحالی ہمارے لئے بڑا چیلنج ہے

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ کی برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 27 نومبر 2015 14:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 نومبر۔2015ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے پیرس میں دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی اور اس کے تدارک کے لئے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں‘ مالاکنڈ میں حالیہ زلزلے سے لاکھوں افراد متاثر ہوئے‘ ان کی بحالی ہمارے لئے بڑا چیلنج ہے۔

جمعہ کو پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے خورشید شاہ سے ملاقات کی جس میں پیرس میں ہونے والی دہشت گردی کے حملے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ دنیا میں بڑھتی ہو ئی دہشت گردی اور اس کے تدارک کے لئے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔ یہ ایک ایسا ناسور ہے جس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔

ملاقات میں خورشید احمد شاہ نے برٹش ہائی کمیشن کو زلزلہ سے متاثرہ مالا کنڈ ڈویژن کے اپنے حالیہ دورے سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ مالا کنڈ میں لاکھوں افراد زلزلے کی تباہ کاروں کا شکار ہوئے اور ان کی بحالی ہمارے لئے ایک چیلنج ہے۔ برٹش ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے برطانیہ کی طرف سے پاکستان میں تعلیم کے فروغ کے لئے کئے گئے تعاون و اقدامات سے بھی اپوزیشن لیڈر کو آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :