لاہور ہائیکورٹ ،تفریحی کلبوں پر عائد کئے گئے 10 فیصد ٹیکس کے خلاف درخواستیں منظور، ٹیکس غیر قانونی قرار

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 27 نومبر 2015 12:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 نومبر۔2015ء) لاہور ہائی کورٹ نے تفریحی کلبوں پر عائد کئے گئے 10 فیصد ٹیکس کے خلاف درخواستیں منظور کرتے ہوئے ٹیکس کو غیر قانونی قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں تفریحی کلبوں کی جانب سے 10 فیصد ٹیکس کے نفاذ کو چیلنج کیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

جمعہ کو سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکلاء خواجہ سعید الظفر اور نصیر چودھری نے بتایا کہ محکمہ ایکسائز نے ایجوکیشن سیس کے نام دس فیصد ٹیکس عائد کر دیا ہے۔

درخواست گزار پہلے ہی 16 فیصد سیلز ٹیکس کی ادائیگی کر رہے ہیں۔ وکلاء نے دلائل میں کہا کہ پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر کوئی ٹیکس عائد نہیں کیا جاسکتا اور نہ قانون کے تحت دوہرا ٹیکس وصول کیا جا سکتا۔ دوسری طرف سرکاری وکیل نے درخواستوں کی مخالفت کی اور کہا کہ پنجاب فنانس ایکٹ کے تحت 10 فیصد ٹیکس لگایا گیا ہے۔ عدالت نے سماعت کے بعد درخواستیں منظور کرتے ہوئے ٹیکس کو غیر قانونی قرار دے دیا۔

متعلقہ عنوان :