وفاقی وزیر اکرم دُرانی دھماکے کے فوری بعدزخمیوں کی عیادت کیلئے ہسپتال پہنچ گئے

جمعرات 26 نومبر 2015 23:11

بنوں ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 نومبر۔2015ء ) وفاقی وزیر اور سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اکرم دُرانی واقعہ کے فوراً بعد عیادت کیلئے ہسپتال پہنچ گئے تھانہ بکاخیل کی حدود میں واقع نرمی خیل بکاخیل میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے بعد جاں بحق اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال بنوں پہنچایا گیا جس پر وفاقی وزیر اکرم خان دُرانی اپنے گھر جانے کے بجائے سیدھے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بنوں چلے گئے جہاں پر جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاء سے ہمدردی کا اظہار کیا اور ان کی ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی جبکہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی اس موقع پر ڈیوٹی پر موجود عملہ کو زخمیوں کی ہرممکن علاج کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے جمعیت علمائے اسلام(ف) کے رہنما اور وفاقی وزیر اکرم خان درانی کے قافلے پر بم حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ اس طرح کی کارروائیاں کرنے والوں کے خلاف موثر اقدامات اٹھائے۔ اپنے بیان میں آصف علی زرداری نے اس حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ا ن کے لئے مغفرت کی دعا کی۔