جناح ہسپتال میں پیرا میڈیکس اور ہیلتھ سپورٹ سٹاف کااپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ

پنجاب پیرا میڈیکس الائنس ایند ہیلتھ سپورٹ سٹاف نے آؤٹ ڈور سے ایم ایس آفس تک احتجاجی ریلی بھی نکالی

جمعرات 26 نومبر 2015 23:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 نومبر۔2015ء ) پنجاب پیرا میڈیکس الائنس ایند ہیلتھ سپورٹ سٹاف کے زیرِ اہتمام جناح ہسپتال /علامہ اقبال میڈیکل کالج میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ پنجاب پیرا میڈیکس الائنس ایند ہیلتھ سپورٹ سٹاف نے آؤٹ ڈور سے ایم ایس آفس تک احتجاجی ریلی بھی نکالی۔ احتجاجی ریلی میں پنجاب پیرا میڈیکس الائنس اینڈ ہیلتھ سپورٹ سٹاف کے رہنماؤں ملک منیر احمد ،عاشق غوث، سلطان محمود بھٹی، شعیب انور چوہدری، طلعت سجاد،حافظ دلاور حسین، سید وسیم الحسن، حافظ اکمل، محمد اکبر، ریاض بلوچ، حاجی ناصر ،ساجد عمر، رانا ادریس، ریاض احمد، میاں شفیق الرحمن،محمد بلال، محمد آصف، سعدیہ ، زاہدہ ، فوزیہ رؤف ، نبیلہ و دیگر جناح ہسپتال و دیگر سرکاری ہسپتالوں کے پیرا میڈیکس اور ہیلتھ سپورٹ سٹاف نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھتے تھے جن پر اپنے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔ احتجاجی ریلی کے شرکاء کا کہنا تھا کہ ہم حکومتِ پنجاب محکمہ صحت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ عرصہ 65 سال سے یہ پیرامیڈیکس اور ہیلتھ سپورٹ سٹاف سب سے زیادہ پسے ہوئے طبقے میں شامل ہیں۔ عرصہ پانچ سال قبل وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے پیرا میڈیکس اور ہیلتھ سپورٹ سٹاف کے معاملات کو دیکھتے ہوئے ان پر عمل درآمد کی یقین دہانی کروائی۔

مگر جو کہ کاغذی کاروائی کی حد تک محدود رہی۔ پیرا میڈیکس اور ہیلتھ سپورٹ سٹاف آج بھی اپنے جائز حقوق کے حصول کے لئے در بدر ہیں ۔ احتجاجی ریلی کے شرکاء کا کہنا تھا کہ ہم حکومتِ پنجاب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہیلتھ سپورٹ سٹاف گریڈ 1 تا 4 اور مِسنگ کیٹیگری (درجہ چہارم) کا سروس سٹرکچر ، BOM، ایڈہاک، ڈیلی ویجز، کنٹریکٹ ، ورک چارج، پیرا میڈیکس اور ہیلتھ سپورٹ سٹاف کو حکومت کی مجوزہ ریگولرائزیشن پالیسی کے تحت ریگولر کیا جائے۔

ہیلتھ سپورٹ سٹاف گریڈ 5 تا 17 کا سروس سٹرکچر ، گریڈ 5تا17 کے پیرا میڈیکس اور ہیلتھ سپورٹ سٹاف کا رِسک الاؤنس ، پیرامیڈیکس گریڈ 5تا 17 کے سروس سٹرکچر پر مکمل عمل درآمد، ہیلتھ کیئر کمیشن ، ڈپلومہ ہولڈر ، الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کو تنگ کرنا بند کرے۔سرکاری ہسپتالوں کی نج کاری بند کی جائے۔الائیڈ ہیلتھ پروفیشنل کونسل کا قیام اورلوکل گورنمنٹ کے پیرا میڈیکس کے تمام مسائل جلداز جلد حل کئے جائیں۔

اگر ہمارے مطالبات جلد از جلد حل نہ کئے گئے تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کر دیا جائے گا اور10دسمبر2015ء کو ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ آفس سے احتجاجی ریلی نکالتے ہوئے 7-Club سی ایم ہاؤس کا گھیراؤ کیا جائے گا اور احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔ پنجاب پیرا میڈیکس الائنس کا آئندہ احتجاج مورخہ 30-11-2015 بروز پیر کو چلڈرن ہسپتال ، لاہور میں ہو گا۔

متعلقہ عنوان :