گورنر سندھ شہید ہونیوالی فلائنگ آفیسر مریم مختار کے گھر پہنچ گئے، مریم مختار کے نام سے فلائی اوور منصوب کرنے کا اعلان

سندھ کی جامعات میں ان کے نام سے شعبے قائم کئے جائیں، گورنر سندھ

جمعرات 26 نومبر 2015 23:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 نومبر۔2015ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان جمعرات کی شام پاکستان ایئرپورٹ کی شہید ہونے والی فلائنگ آفیسر مریم مختار کے گھر پہنچ گئے۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے مریم مختار کی شہادت پر ان کے والد کرنل (ر) مختار شیخ سے افسوس کا اظہارکیا۔ گورنر سندھ نے شہید مریم مختار کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کیا اور شہید پائلٹ کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مریم مختار با صلاحیت ، باہمت اور بہادر آفیسر تھیں انہوں نے پاکستان کی فائٹر پائلٹ بن کر اپنے آپ کو بچیوں کے لئے رول ماڈل بنا لیا تھا شہادت کے اعلیٰ مرتبے پر فائز ہوکر ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ ان کی بہادری اُن کو ہمیشہ دوسروں سے ممتاز رکھے گی۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ پوری قوم کو مریم مختار پر فخر ہے اس موقع پر ایئر آفیسر کمانڈنگ بھی ان کے ساتھ تھے۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے ہدایت جاری کی کہ کراچی کے نئے تعمیر ہونے والے بالائی گزرگاہ کو مریم مختار کے نام سے منصوب کیا جائے ، ساتھ ہی ساتھ انہوں نے کہا کہ سندھ کی جامعات میں ان کے نام سے شعبے قائم کئے جائیں ۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے مریم مختار کے نام سے فلائی اوور منصوب کرنے کا اعلان کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ مریم مختار کے نام سے سندھ کی تمام جامعات میں ڈپارٹمنٹ قائم کیا جائے گا ۔سندھ کی تمام جامعات میں مریم مختار شہید کی یادگار بھی تعمیر کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ مریم مختار جنوبی ایشیا کی پہلی فائر فائیٹر خاتون پائلٹ تھی ۔ مریم مختار پاکستانی قوم کے کئے ایک رول ماڈل تھیں ۔

متعلقہ عنوان :