وزیر اعلی کی زیر صدارت اجلاس ، شجر کاری اورہارٹیکلچرکے فروغ کے حوالے سے اہم اقدامات کی منظوری

پی ایچ اے کی استعداد کار میں اضافے کے لئے اصلاحات متعارف کرائی جائیں‘وزیر اعلی کا اجلاس سے خطاب

جمعرات 26 نومبر 2015 22:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 نومبر۔2015ء )وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں لاہور سمیت بڑے شہروں میں شجر کاری اور ہارٹیکلچر کے فروغ کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیااور متعدد اہم فیصلے کئے گئے-اجلاس میں درخت کاٹنے پر سزا بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا-درخت کاٹنے پر سمری ٹرائل ہو گا ، کم از کم تین دن قید اور پچاس ہزار روپے جرمانہ ہو گا-اس مقصد کے لئے پی ایچ اے ایکٹ 2012ء میں ترمیم کی منظوری دی گئی-جلو پارک میں چینی ماڈل کی طرز پر جدید نرسری بنانے کے منصوبے اوردرخت کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی ٹرانسپلانٹرخریدنے کی منظوری دی گئی-وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں ہارٹیکلچرکو فروغ دے رہی ہے -جس سے نا صرف شہروں کی خوبصورتی میں اضافہ ہورہا ہے بلکہ آلودگی کے مسئلے پر بھی قابو پانے میں مدد مل رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ منصوبوں کو ہارٹیکلچر کے ذریعے دیدہ زیب اور دلکش بنانا پنجاب حکومت کی پالیسی ہے،جس کے تحتشہروں کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے سڑکوں کے درمیان ڈیوائیڈرپر درخت لگائے جائیں گے- وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پی ایچ اے ایکٹ 2012ء میں ترمیم کے بعد نئے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے-ڈرینوں کے ارد گرد خالی جگہوں پر پودے اوربیلیں لگائی جائیں -لاہور سمیت بڑے شہروں میں ہارٹیکلچراور شجر کاری کے فروغ کیلئے تیزرفتاری سے اقدامات کئے جائیں-فلائی اوورز اور انڈرپاسز کی دیواروں اور اردگرد کے علاقے کو ہارٹیکلچر کے ذریعے دلکش بنایاجائے-سڑکوں کے ساتھ عمارتوں کی دیواروں کو بھی بیلوں اور ہارٹیکلچر کے ذریعے سرسبزکیا جائے -میٹروبس کے روٹ، سٹیشنوں اور پلوں کو ہارٹیکلچرکے ذریعے خوبصورت بنایا جائے-انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے کو جدید خطوط پر چلانا وقت کا تقاضا ہے اس لئے پی ایچ اے کی استعداد کار میں اضافے کیلئے اصلاحات متعارف کرائی جائیں -وزیر اعلی نے لاہور کے پارکس کی بحالی کیلئے جامع منصوبہ مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے ادارہ جاتی میکانزم پر خصوصی توجہ دی جائے -محکمہ جنگلات کے ساتھ مل کر شجر کاری کے فروغ کیلئے جامع پلان تیار کیا جائے-ڈی جی پی ایچ اے نے شجر کاری اور ہارٹیکلچر بارے بریفنگ دی -خواجہ احمد حسان ، ایم این اے جعفر اقبال ، انسپکٹر جنرل پولیس ، وائس چیئرمین پی ایچ اے افتخار احمد ، کمشنر لاہور ڈویژن ، سیکرٹری ہاؤسنگ، ڈی جی ایل ڈی اے اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی -