شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایااورزیارت کیلئے ایران جانے والے زائرین کو بلاوجہ تنگ کرنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے،تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان

جمعرات 26 نومبر 2015 21:55

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 نومبر۔2015ء ) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے ترجمان طارق احمد جعفری نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایااورزیارت کیلئے ایران جانے والے زائرین کو بلاوجہ تنگ کرنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کو تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان اور ذیلی تنظیموں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔طارق احمد جعفری نے کہا کہ جب یزید نے بدترین توہین رسالت کا ارتکاب کرتے ہوئے پیغام محمدی کو جھٹلایا اور اسلامی تعلیمات میں تحریف کرنے لگا تو فرزند رسول حسین ابن علی اپنے جانثاروں کے ساتھ اس کے ناپا ک ارادوں میں حائل ہوگئے اور اپنے خون سے حق و صداقت کی وہ شمع روشن کی جس نے تاابد اسلام کو درخشندگی عطا کردی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسیران کربلا نے سانحہ عاشور کے بعد مقصد حسینیت کو زندہ رکھا اور تمام تر صعوبتیں اور ظلم برداشت کرنے کے باوجود یزیدیت کے خلاف عزاداری کی صورت میں احتجاج کی وہ روایت قائم کی جس نے نہ صرف یزیدی جبر کے پرخچے اڑا دیئے بلکہ آج بھی یہ ہر ظالم کے خلاف مظلومین کا موثر اور کار گر ترین احتجاج ہے۔اس عہد کا اظہار کیا کہ تمام عزادارن مظلوم کربلا قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے اعلان کردہ ضابطہ عزاداری پر کاربند رہتے ہوئے عزاداری کو ہرشے پر ترجیح دیں گے ٍ۔

انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور ملک بھر میں کالعدم قراردی جانے والی تنظیموں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زیارت کے لئے ایران جانے والے زائرین کو سیکورٹی کے نام پر بلاوجہ تنگ کرنے کا سلسلہ بند کردے بصورت دیگر شہدائے کربلا کے چہلم کے جلوس کو احتجاجی دھرنے میں تبدیل کرنے کی کال دینے پر مجبور ہونگے۔