Live Updates

این اے 122کے الیکشن کو چیلنج کرتے ہوئے پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن میں پٹیشن دائر کر دی

30ہزار میں سے 22ہزار ووٹوں کے ردو بدل کی دستاویزات نہیں ہیں ،الیکشن کالعدم قرار دیا جائے

جمعرات 26 نومبر 2015 21:36

این اے 122کے الیکشن کو چیلنج کرتے ہوئے پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن میں پٹیشن ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 نومبر۔2015ء ) تحریک انصاف نے این اے122کے 11اکتوبر کو ہونے والے ضمنی الیکشن کو چیلنج کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں پٹیشن دائر کر دی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ اس الیکشن کو 22ہزار سے زائد ووٹوں کے بلا اجازت اور بغیر ثبوت ردو بدل کرنے پر کالعدم قرار دیا جائے ۔پی ٹی آئی کے این اے122سے امیدوارقومی اسمبلی عبدالعلیم خان نے سلمان راجہ ایڈووکیٹ کے ذریعے 800صفحات پر مشتمل پٹیشن جمع کرا دی ہے جس کی تفصیل کے مطابق 2013کے عام انتخابات سے 11اکتوبر 2015کے ضمنی انتخاب تک 30500ووٹ جمع ،ٹرانسفر یا منسوخ کیے گئے ان میں سے 18اور 19سال کی عمر کو پہنچنے پر خود بخود ووٹر لسٹ میں شامل ہونے والوں کی تعداد 7ہزار ہے جبکہ باقی ماندہ 23ہزار میں سے الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو 812فارموں کی تفصیل فراہم کی ہے اور 22ہزار سے زائد ووٹوں کے اندراج یا حلقے سے باہر منتقل کرنے کی دستاویزات فراہم کرنے سے یہ کہہ کر انکار کر دیا ہے کہ یہ باقی سب کچھ نادرا نے کیا ہے ۔

(جاری ہے)

پٹیشن میں الیکٹورل رولز ایکٹ 1974کا حوالہ دیتے ہوئے عبدالعلیم خان کے وکلا ء سلمان راجہ ایڈووکیٹ اور لیگل ٹیم انیس علی ہاشمی ایڈووکیٹ ،عزیر ساجد ایڈووکیٹ اور منیبہ انیس ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اتنی بڑی تعداد میں ووٹوں کے بلا اجازت اور ضروری دستاویزات کے بغیر ہونے والے ردوبدل کا نوٹس لیتے ہوئے این اے122کے الیکشن کو منسوخ قرار دے اور اس معاملے کی تفصیلی چھان بین کر کے ذمہ داران کو سخت سزا دی جائے ۔

پٹیشن میں این اے122کے مختلف علاقوں میں ایک ہی گھر میں 30سے 50ووٹوں کے اندراج اور دیگر بے ضابطگیوں کی نشان دہی بھی کی گئی ہے۔عبدالعلیم خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنا وعدہ پورا کر رہے ہیں اور تمام قانونی مراحل سے گزرنے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان سے رجوع کیا گیا ہے ہماری پٹیشن حقائق پر مبنی ہے اور انشاء اﷲ اس پر فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا اور ایک مرتبہ پھر دھاندلی زدہ سپیکر کو بوریا بستر لپیٹنا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ جب جب نواز لیگ دھونس اور دھاندلی کرے گی پی ٹی آئی اس کا پیچھا جاری رکھے گی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات