سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد کی ہالا آمد،مخدوم امین فہیم کی وفات پر اظہار تعزیت

امین فہیم نے ملک میں شرافت ،وفاداری کی سیاست کی،حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہے،امیر جماعت اسلامی کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 26 نومبر 2015 21:36

ہالا( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 نومبر۔2015ء) سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں جماعت اسلامی کے اعلیٰ سطح کے وفد نے جمعرات کو مخدوم ہاؤس ہالا پہنچ کرمخدوم امین فہیم کی وفات پر مرحوم کے بیٹے مخدوم جمیل الزمان،بھائی رفیق الزمان سے تعزیت،درجات کی بلندی کی دعا کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ اسداﷲ بھٹو، راشد نسیم، ڈاکٹر معراج الہدیٰ، امیر العظیم،محمد حسین محنتی عبدالوحید قریشی،عظیم بلوچ،لطف اﷲ بھٹو، مجاہد چنا ودیگر رہنماء بھی موجود تھے۔

سراج الحق نے تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امین فہیم نے ملک میں شرافت ،وفاداری کی سیاست کی،موجودہ حکومت تین سال گذرجانے کے باوجود بجلی بحران،مہنگائی، بے روزگاری کے خاتمے سمیت عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انتخابات کے بعد حکومت تبدیل ہوجاتی ہے مگر عام آدمی کی حالت تبدیل نہیں ہوتی،عام آدمی دو وقت کی روٹی،بچوں کی تعلیم اور صحت کی سہولتوں سے بھی محروم ہے۔

کراچی کے عوام پانی کیلئے پریشان ہیں تو سندھ کے روڈ راستے موئن جو دڑو کا منظر پیش کررہے ہیں، اسلئے عوام کو آئندہ الیکشن یومِ حساب بنانا چاہئے۔ سراج الحق نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اس سب کچھ کے باوجود ہم مرکز اور چاروں صوبائی حکومتوں کو اپنا ٹرم پورا کرنے کے حق میں ہیں تاکہ ان کویہ موقع نہ ملے کہ انہیں کام کرنے نہیں دیا گیا۔