مولانا فضل الرحمن سے پاکستان فلڈ کمیشن کے چیئرمین امتیاز احمد کی ملاقات، دریائے سندھ کے کنارے مارجنل بند کی تعمیر بارے بریفنگ دی گئی

جمعرات 26 نومبر 2015 21:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 نومبر۔2015ء) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن سے پاکستان فلڈ کمیشن کے چیئرمین امتیاز احمد نے ملاقات کی ہے ۔ملاقات میں دریائے سندھ کے کنارے مارجنل بند کی تعمیر کے بارے میں بریفنگ دی گئی فلڈ کمیشن کے چیئرمین نے مولانا فضل الرحمن کو بتایا کہ مارجنل بند ڈیرہ دریا خان پل سے لیکر سپر نمبر27تک تعمیر ہو گا جس سے انڈس ہائی وے روڈ، گومل یونیورسٹی ،چشمہ شوگر ملز،گاوں ملانہ،کٹ شہانی،روڈہ سمیت چھوٹے بڑے درجنوں دیہات اور 2لاکھ کنال قابل کاشت زرعی اراضی سیلابی پانی کے نقصانات سے محفوظ ہو جائے گی ۔

اس منصوبے پر 3324.00ملین روپے لاگت آئے گی ۔اس کی لمبائی 57200فٹ 17.05کلومیٹر ہے ۔مارجنل بند کی تعمیر کے حوالے سے فلڈ کمیشن کے حکام نے مولانا فضل الرحمن کو بتایا کہ اس لاگت کا تخمینہ پرانا ہے جس پر مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ فلڈ کمیشن اس منصوبے پر نئے نرخوں کے مطابق ہونے والے تخمینے کے بعد اس کا کیس تیار کرنے کی ہدایت کی اس سلسلے میں مولانا فضل الرحمن نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے بات کرنے اور آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اس سمیت ڈیرہ اسماعیل خان کے دیگر اہم منصوبوں کے لئے رقم مختص کروانے کے لئے بہت جلد اجلاس طلب کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ مارجنل بند کی تعمیر کے سلسلے میں گزشتہ دنوں جمعیت علماء اسلام کے سینئر رہنماء اور سابق ضلع نائب ناظم ایوان زراعت کے صدر حاجی عبدالرشید دھپ نے اہلیان علاقہ کے ایک وفد کے ہمراہ مولانا فضل الرحمن کے ساتھ ملاقات میں مارجنل بند کی تعمیر اور علاقہ کے لئے اس کی اہمیت کے حوالے سے بات کی تھی جس پر مولانا فضل الرحمن نے فوری طور پر ایس ای ایریگیشن فلڈ ڈویژن سے بھی فون پر بات کر کے اس منصوبے کی پیش رفت بارے معلومات حاصل کیں تھیں۔مولانا فضل الرحمن نے وفد کو یقین دلایا تھا کہ وہ اس مسئلے کو وفاقی حکومت اور فلڈ کمیشن کے ساتھ ڈسکس کریں گے ۔