پاکستان جرمنی کو قریبی دوست تصور کرتا ہے،دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے،وزیر اطلاعات پرویز رشید

جرمنی کی سفیر کی دہشت گردی کیخلاف عالمی جنگ میں پاکستان کے صف اول کے ملک کی حیثیت سے کردار اور قربانیوں کی تعریف

جمعرات 26 نومبر 2015 21:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 نومبر۔2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان جرمنی کو ایک قریبی دوست تصور کرتا ہے اور دونوں ممالک کے عوام کے باہمی مفاد کیلئے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔ جمعرات کو یہاں جرمنی کی سفیر مادام اینا لیپل کے ساتھ ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان انتہائی سرمایہ کار دوست ممالک میں شامل ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کے تمام شعبے کھلے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ موجودہ حکومت توانائی کی صورتحال کی بہتری اور انفراسٹرکچر کی ترقی میں دلچسپی رکھتی ہے اور اس سلسلہ میں جرمنی کا تعاون چاہتی ہے۔ انہوں نے اطلاعات، ثقافت اور میڈیا کے شعبہ میں تعاون کیلئے جرمنی کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں اور انتہاء پسندی اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے عالمی کوششوں میں بین الاقوامی برادری کے ساتھ کام کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کا تہیہ کر رکھا ہے اور صورتحال سے موثر طور پر نمٹنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان تیار کیا گیا ہے۔ جرمنی کی سفیر نے وفاقی وزیر کے ساتھ ملاقات کے دوران مختلف امور بالخصوص میڈیا، اطلاعات اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون پر بات چیت کی۔ سینیٹر پرویز رشید نے جرمنی کی سفیر کو وزارت اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ سے متعلق کسی بھی معاملے کیلئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ جرمنی کی سفیر نے دہشت گردی کیخلاف عالمی جنگ میں پاکستان کے صف اول کے ملک کی حیثیت سے کردار اور قربانیوں کو تسلیم کیا۔ انہوں نے پاکستان میں میڈیا کی آزادی کی تعریف کی اور جمہوریت کے مزید فروغ کیلئے خواہش کا اظہار کیا۔