خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اور یوایس ایڈ کے درمیان بین الاقوامی منڈیوں کے ساتھ علاقائی تجارت بڑھانے کیلئے

اقدامات اٹھانے پر اتفاق

جمعرات 26 نومبر 2015 20:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 نومبر۔2015ء )خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ذوالفقار علی خان اور پاکستان ریجنل اکنامک انٹگریشن ایکٹیویٹی (Pakistan Regional Economic Integration Activity)یو ایس ایڈ کے مابین بین الاقوامی منڈیوں کے ساتھ علاقائی تجارت بڑھانے کیلئے سیمینارز اور بزنس ٹو بزنس میٹنگز کے انعقاد سمیت افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ باہمی تجارت کے فروغ کے لئے خیبر پختونخوا چیمبر اور یوایس ایڈ کی سطح پر اقدامات اٹھانے پر اتفاق ہوا ہے جبکہ خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر ذوالفقار علی خان نے یو ایس ایڈ پر زور دیا ہے کہ وہ افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ ٹریڈ پروموشن ٗ سیمینارز اور ایگزیبیشنز کے انعقاد سے قبل خیبر پختونخواچیمبر کو اعتماد میں لے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے USAID PREIA کی ڈپٹی چیف آف پارٹی حُسن بانو بُرکی کی سربراہی میں چیمبر کا دورہ کرنیوالی ٹیم کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر خیبر پختونخوا چیمبر کے سابق صدر عدیل رؤف ٗ خیبر پختونخوا چیمبر کے سینئر نائب صدر عماد رشید ٗ نائب صدر شجاع محمد ٗ وویمن چیمبر کی صدر ناصرہ لغمانی ٗسابق صدر نزہت رؤف اور یو ایس ایڈ کے ریجنل ٹریڈ اینڈ پالیسی کے ایڈوائزر محمد اویس خان ٗ ہیومن اینڈ انسٹی ٹیوشنل کیپسٹی ڈویلپمنٹ ایکسپرٹ عاصمہ اعوان اور ریجنل ٹریڈ اینڈ پالیسی کے اسسٹنٹ احمد زمان بھی موجود تھے ۔

خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر ذوالفقار علی خان نے کہا کہ افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ فری ٹریڈایگریمنٹ نہ ہونے کی وجہ سے باہمی تجارت کا عمل متاثر ہو رہا ہے ۔ انہوں نے یو ایس ایڈ سے کہا کہ وہ اس سلسلے میں اپنا کردار اداکرے اور دونوں ممالک کے مابین باہمی تجارت کے فروغ سمیت حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے دونوں جانب کی حکومتوں کے سامنے معاملات اٹھائے۔

انہوں نے بتایا کہ خیبر پختونخوا چیمبر میڈ ان خیبر پختونخوا کے عنوان سے ایک ایگزیبیشن ٗ صوبہ خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے انوسٹمنٹ کانفرنس اور آل پاکستان چیمبر کانفرنس کے انعقاد کا ارادہ رکھتا ہے جس کیلئے یو ایس ایڈ سپورٹ کرے اور خیبر پختونخوا چیمبر کے ساتھ مل کر ان ایونٹس کو کامیاب بنائے۔ انہوں نے یو ایس ایڈ کے مشن کو بزنس کمیونٹی کی کیپسٹی بلڈنگ اور اُنہیں مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ٹریننگ دینے سمیت بین الاقوامی منڈیوں تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی کیلئے کردار اداکرنے کی تجویز بھی پیش کی ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیمبر کے سابق صدر عدیل رؤف نے یو ایس ایڈ کی ٹیم کو خیبر پختونخوا چیمبر کے زیر اہتمام ایونٹس کے انعقاد میں سپورٹ کرنے اور علاقائی ممالک کے ساتھ باہمی تجارت کے فروغ کے لئے چیمبر کے ساتھ مل کر مشترکہ کوششوں پر زور دیا اور کہا کہ یو ایس ایڈ افغانستان اور وسطی ایشیائی ر یاستوں سمیت یورپین ممالک کے ساتھ تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے اپنا کردار اداکرے۔

خیبر پختونخوا چیمبر کے سینئر نائب صدر عماد رشید نے ٹریڈ پالیسی ریفارمز میں پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کی کیپسٹی بلڈنگ کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ یو ایس ایڈ خیبر پختونخوا چیمبر کے ساتھ مل کر دو روزہ سیمینار کا انعقاد کرے جس میں پاکستان سمیت علاقائی ممالک کے سرمایہ کاروں کو مدعو کیا جائے تاکہ باہمی تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جاسکے۔

USAID PREIA کی ڈپٹی چیف آف پارٹی حُسن بانو بُرکی نے خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر ذوالفقار علی خان کی جانب سے پیش کردہ تجاویز اور سفارشات سے اتفاق کیا اور کہا کہ یو ایس ایڈ خیبر پختونخوا چیمبر کے زیر اہتمام ایونٹس کو آرگنائزڈ کرنے کے لئے مکمل تعاون اور سپورٹ کرے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ یو ایس ایڈ کیپسٹی بلڈنگ ٗ پالیسی ایڈووکیسی ٗ ریسرچ ٗ ٹریننگ اور پوٹنشل مارکیٹس کیلئے کام کر رہا ہے اور اس اقدام سے علاقائی ممالک کے ساتھ پاکستان کی تجارت بڑھانے اور انٹرنیشنل مارکیٹ تک رسائی میں مدد مل رہی ہے ۔ انہوں نے خیبر پختونخوا چیمبر کی جانب سے بزنس کانفرنس اور سیمینارز کی تجویز سے اتفاق کیا اور کہا کہ یو ایس ایڈ اس سلسلے میں ہر ممکن معاونت کرے گا۔