سکاؤٹنگ نوجوانوں کی کردار سازی اور جسمانی و دماغی نشوونما میں اہم کردار اداکرسکتی ہے

صدر ممنون حسین کی روز اسکاؤٹس لیاری کراچی سے آئی طالبات سے ملاقات میں بات چیت

جمعرات 26 نومبر 2015 20:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 نومبر۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ سکاؤٹنگ نوجوانوں کی کردار سازی اور جسمانی و دماغی نشوونما میں اہم کردار اداکرسکتی ہے۔ وہ جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں روز اسکاؤٹس لیاری کراچی سے آئی ہوئی طالبات سے ملاقات میں بات چیت کر رہے تھے ۔وفد کی قیادت راحیلہ حمید خان درانی کر رہی تھیں۔

صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ روز گروپ نوجوان طالبات کو ایسے مواقع فراہم کرلے گا جس سے وہ نہ صرف پراعتمادمحب وطن شہری کے طور پر ابھریں گی بلکہ اپنے گھر اور معاشرے میں بھی بخوبی اپنی ذمہ داریاں نباہ سکیں گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ روز اسکاؤٹس گروپ کی طالبات لیاری میں اور ملک میں خواتین کی تعلیم اور صحت کا پیغام عام کریں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت ممنون حسین نے زور دیا کہ اسکاؤٹس ملکی یکجہتی اور امن کے فروغ کے لیے کام کریں۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ اسکاؤٹنگ کے دوران ہونے والے تجربات کا ایک دوسرے سے تبادلہ بھی ضروری ہے۔ صدر مملکت نے تعلیی اداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس تحریک میں مددگار اور معاون ثابت ہوں۔اس موقع پر صدر مملکت نے تمام اسکاؤٹس کو انسانیت کی خدمت کرنے پر سراہا۔ صدر مملکت نے پاکستان بوائز اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کو یقین دلایا کہ حکومت کی طرف سے ان کی سرپرستی جاری رہے گی۔

متعلقہ عنوان :