ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے جمہوریت کا تسلسل انتہائی ضروری ہے،رضاربانی

چیئرمین سینیٹ نے دوسرا دن بھی انتہائی مصروف گزارا، آل پارٹیز پارلیمنٹری گروپ آف پاکستان کے نمائندہ وفد سے ملاقات،لندن سکول آف اکنامکس میں اجتماع سے بھی خطاب کیا

جمعرات 26 نومبر 2015 20:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 نومبر۔2015ء) ء چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے برطانیہ کے دورے کا دوسرا دن بھی انتہائی مصروف گزارا۔چیئرمین سینیٹ نے برطانیہ میں آل پارٹیز پارلیمنٹری گروپ آف پاکستان کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے علاوہ لندن سکول آف اکنامکس میں"مضبوط،جمہوری،فلاحی پاکستان"کے موضوع پرمنعقدہ عوامی اجتماع سے بھی خطاب کیا۔

جبکہ انٹرنیشنل گروتھ سینیٹر کے افسران کے اجلاس میں بھی شرکت کی۔علاوہ ازیں دولت مشترکہ کے برطانیہ کے چیف ایگزیکٹواور سیکرٹری کے ساتھ برطانوی اور پاکستانی پارلیمنٹ میں تعاون کے اضافے پر تبادلہ خیال کیا۔ لندن سکول آف اکنامکس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں رضا ربانی نے افغانستان سے روسی انخلاء کے بعد جہادی عنصر کی خطے میں اثر پزیری کے علاوہ دنیا میں امن کے قیام کیلئے مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حل پر زور دیا۔

(جاری ہے)

میاں رضا ربانی نے پاکستان کی معیشت،تجارت،سرمایہ کاری،توانائی اور سیکورٹی کے مسائل سے شرکاء کو آگاہ کیا اور دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ کیلئے پاکستان کومحفوظ بنانے کے علاوہ جمہوریت کی مضبوطی کے اقدامات اور آئین پاکستان کی بحالی اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔چیئرمین سینیٹ نے آئین کی بحالی کے بارے میں بتایاکہ نہ صرف جمہوریت کوبحال کیا گیا ہے اور پارلیمنٹ کی بالا دستی کو یقینی بنا یا گیا ہے بلکہ اداروں میں توازن بھی قائم ہوا ہے۔

ان آئینی اقدامات کے ذریعے وفاق مضبوط ،صوبے با اختیار ، عدلیہ آزاد اور جمہوری طرز حکمرانی کو فروغ ملا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے جمہوریت کا تسلسل انتہائی ضروری ہے اور پاکستان کا مستقبل قومی معاملات پر مفاہمت ، ترجیحات کی نشاندہی ، فریقہ واریت کے خاتمے ، اداروں کے اپنے حدود میں کام کرنے اور معاشی پالیسیوں کی بدولت توانائی ، زراعت کے شعبوں وغیر ہ میں ترقی پر منحصر ہے ۔

قبل ازیں چیئرمین سینیٹ نے انٹرنیشنل گروتھ سینٹر سے لندن سکول آف اکنامکس میں ان کے حکام سے ملاقات کی اور انہیں سینٹر کی کار کردگی اور پاکستان میں کیے گئے کام کے حوالے سے تفصیلی طو ر پر آگاہ کیا گیا ۔اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے لندن سکول آف اکنامکس اور پاکستان کا ادارہ برائے پارلیمانی خدمات کے مابین تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے بھی حکام کے ساتھ تبادکہ خیال کیا ۔

جبکہ پاکستان کے بارے میں آل پارٹیز پارلیمانی گروپ کے اراکین سے بھی برطانوی پارلیمنٹ میں ملاقات کی اس گروپ کی قیادت برطانوی رکن پارلیمنٹ رحمان چشتی کر رہے تھے ۔چیئرمین سینیٹ نے اس گروپ کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں پاکستان میں ہونے والی قانون سازی اور انسانی حقوق خاص طورپر خواتین کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے کی گئی قانون سازی کے حوالے سے آگاہ کیا ۔

انہوں نے پارلیمانی راوبط کے فروغ پر زور دیا اور اس گروپ کو پاکستان کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی ۔رضاربانی نے برطانوی پارلیمنٹ میں برطانیہ کے دولت مشترکہ کی سیکرٹری اور چیف ایگزیکٹو اینڈریو ٹگے سے بھی ملاقات کی اور پارلیمانی روابط کے استحکام اور وفود کے تبادلوں پر زور دیا ۔چیئرمین سینیٹ نے دولت مشترکہ کے اراکین پارلیمنٹ میں اسلام آباد میں ایک ریجنل کانفرنس منعقد کرنے کی بھی تجویز دی تاکہ ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھا جا سکے ۔گروپ کے سربراہ نے میاں رضاربانی کی اس تجویز کو سراہا اور اس حوالے اپنے تعاون کا یقین دلایا ۔