(ن) لیگ کی کمیشن خور حکومت کے گھناؤنے اور عوام دشمن منصوبوں کو ناکام بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے ‘ اعجاز احمد چوہدری

واپڈا اوردیگر قومی ادارے جو پاکستان کے 30فیصد سے زیادہ مزدوروں کو روزگار مہیا کرتے ہیں ،حکومتی خزانے میں سالانہ اربوں روپے کے ٹیکس جمع کرواتے ہیں

جمعرات 26 نومبر 2015 19:27

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 نومبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے سیا سی مشیر اعجا زاحمد چوہدری نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کی کمیشن خور حکومت کے گھناؤنے اور عوام دشمن منصوبوں کو ناکام بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے ، واپڈا اوردیگر قومی ادارے جو پاکستان کے 30% سے زیادہ مزدوروں کو روزگار مہیا کرتے ہیں اور حکومتی خزانے میں سالانہ اربوں روپے کے ٹیکس جمع کرواتے ہیں ، ان کومخصوص اور درباری افراد کے ہاتھوں اونے پونے داموں پر فروخت کرنا اور لاکھوں مزدوروں کو روزگا ر سے محروم کرنا پاکستان کے غریب عوام کے خلاف ایک بہت بڑی سازش ہے ۔

گزشتہ این اے 127 کے مرکزی دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے مختلف یونین کونسلز کے وفو د سے گفتگو کر تے ہوئے اعجاز احمد چوہدری نے کہا کہ حکمرانوں کے اپنے سارے اثاثے غیر ممالک میں ہیں اور غریب عوام کے ٹیکسوں سے حاصل ہونے والی دولت کو یہ کرپٹ حکمران لوٹ کر بیرو نِ ملک منتقل کر رہے ہیں اورغریب عوام کی فلاح وبہبود ان کی ترجیحات میں شامل نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نہ صرف ملک کے اندر قومی اثاثوں کی حفاظت کرے گی بلکہ ان نفع بخش اداروں کی ترقی کی بھی ضامن ہوگی، مزدور ملک کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ، پاکستان تحریک انصاف ان کے حقوق کی حفاظت کے لئے ملک دشمن اندرونی اور بیرونی قوتوں کے خلاف سینہ سپر رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ صرف پنجاب میں 67لاکھ سے زائد بچے آوارہ اور لاوارث پھر رہے ہیں ، ملک دشمن (ن) لیگ کے روشن پنجاب میں ایک طرف تو ان کے اپنے محلات ہیں اور دوسری طرف غریب عوام کے بچوں کی ایک نسل کے لئے اندھیری رات میں کانٹوں بھرا راستہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر فوری طور پر ان معصوم بچوں کی بحالی کے لئے کوئی واضح اقدامات نہ اٹھائے گئے تو یہی بچے آنے والے چند سالوں میں اس معاشرے کے لیے ناسور کی حیثیت اختیار کر جائیں گے جس پر قابو پانا کسی بھی حکومت یا ادارے کے لئے آسان نہیں ہوگا ۔

متعلقہ عنوان :