معاشرے کے غریب اور نادار افراد کو زندگی کی خوشیوں میں شامل کرنا ہمارا دینی اور قومی فریضہ ہے‘ رفیق رجوانہ

وہی معاشرے زندگی اور کامیابی کی علامت ہوتے ہیں جو اپنے مستحق،کمزور اور خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دیتے ہیں

جمعرات 26 نومبر 2015 19:26

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 نومبر۔2015ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ وہی معاشرے زندگی اور کامیابی کی علامت ہوتے ہیں جو اپنے مستحق،کمزور اور خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دیتے ہیں،خدمت انسانیت سے بڑھ کر کوئی کام نہیں اور معاشرے کے غریب اور نادار افراد کو زندگی کی خوشیوں میں شامل کرنا ہمارا دینی اور قومی فریضہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے’’ نیشنل سوسائٹی آف مینٹلی اینڈ ایموشنل ہینڈی کیپڈچلڈرن ‘‘ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا ۔گورنر پنجاب نے کہاکہ سپیشل بچے کسی صورت معاشرے پر بوجھ نہیں ہوتے بلکہ ان کو بڑھنے ، پڑھنے اور لکھنے کے مواقع دیے جائیں تو پھر یہ معاشرے کا بوجھ اٹھالیتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پسے ہوئے طبقے کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے سے نہ صرف ان کی مشکلات میں کمی کی جاسکتی ہے بلکہ ان کی بہتر تعلیم و تربیت کے ذریعے انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بھی بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری تھوڑی سی توجہ ان بچوں کو معاشرے کا مفید شہری بنا سکتی ہے۔ گورنر نے کہا کہ ایسے ادارے جو سپیشل بچوں کی فلاح و بہبود اور ان کی تعلیم و تربیت کے لئے کام کر رہے ہیں حکومت ان کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کو بروئے کار لائے گی۔انہوں نے کہا کہ صوبہ کے مختلف اضلاع میں ایسے بچوں کے لئے سنٹر قائم کیے جارہے ہیں تاکہ انہیں مکمل تحفظ فراہم کیا جاسکے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر معاشرے کے ہر بچے کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لیے پہلے ہی واضح احکامات جاری کر چکے ہیں۔گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ خدمت خلق کے جذبے کو اپنی ذات کا حصہ بنا کر ہم اپنی زندگی کو سہل اور آخرت کو خوبصورت بنا سکتے ہیں انسانی تاریخ گواہ ہے کہ جنہوں نے خدمت انسانیت کو اپنا شعار بنایا وہ مرنے کے بعد زندہ و جاوید رہے اور ہمیشہ کے لیے اپنے آپ کو امر کر گئے ۔

انہو ں نے کہا کہ خصوصی افراد کو عام زندگی میں واپس لانے اور ان کی تربیت کرنے والے درحقیقت عظمت انسان کی معراج پر ہیں جو دنیا اور آخرت میں یقینا ممتاز مقام حاصل کریں گے۔قبل ازیں ،ادارے کی پراجیکٹ ڈائریکٹر خالدہ ترین نے کہا کہ معذوری مجبوری نہیں ہوتی اگر کوشش کی جائے تو سپیشل بچے ہر فیلڈ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل سوسائٹی کے بچوں نے اس سال مڈل کے امتحان میں نمایاں پوزیشن حاصل کی ہیں ۔

خالدہ ترین نے بتایاکہ یہاں کے بچوں نے کھیل کے میدان میں نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرون ملک سے بھی مختلف کھیلوں میں گولڈ اور سلور میڈل حاصل کیے ہیں۔اس موقع پر محترمہ خالد ہ ترین نے ادارے کی کارکردگی کے بارے میں گورنر پنجاب کو آگاہ کیا - گورنر پنجاب نے سپیشل بچوں کی طرف سے لگائے گئے مختلف سٹالز کا بھی دورہ کیا اور اپنی جیب سے بچوں سے چیزیں بھی خریدی۔