اسکاؤٹنگ نوجوانوں کی کردار سازی ،جسمانی و دماغی نشوونما میں اہم کردار اداکرسکتی ہے، ممنون حسین

روز اسکاؤٹس گروپ کی طالبات لیاری میں اور ملک میں خواتین کی تعلیم اور صحت کا پیغام عام کریں،صدر مملکت

جمعرات 26 نومبر 2015 19:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 نومبر۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ اسکاؤٹنگ نوجوانوں کی کردار سازی اور جسمانی و دماغی نشوونما میں اہم کردار اداکرسکتی ہے۔یہ بات صدر مملکت نے روز اسکاؤٹس لیاری کراچی سے آئی ہوئی طالبات سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ایوان صدر میں صدر مملکت سے ملاقات کی۔، وفد کی قیادت راحیلہ حمید خان درانی کر رہی تھیں۔

صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ روز گروپ نوجوان طالبات کو ایسے مواقع فراہم کریگا جس سے وہ نہ صرف پراعتمادمحب وطن شہری کے طور پر ابھریں گی بلکہ اپنے گھر اور معاشرے میں بھی بخوبی اپنی ذمہ داریاں نباہ سکیں گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ روز اسکاؤٹس گروپ کی طالبات لیاری میں اور ملک میں خواتین کی تعلیم اور صحت کا پیغام عام کریں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت ممنون حسین نے زور دیا کہ اسکاؤٹس ملکی یکجہتی اور امن کے فروغ کے لیے کام کریں۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ اسکاؤٹنگ کے دوران ہونے والے تجربات کا ایک دوسرے سے تبادلہ بھی ضروری ہے۔ صدر مملکت نے تعلیمی اداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس تحریک میں مددگار اور معاون ثابت ہوں۔اس موقع پر صدر مملکت نے تمام اسکاؤٹس کو انسانیت کی خدمت کرنے پر سراہا۔ صدر مملکت نے پاکستان بوائز اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کو یقین دلایا کہ حکومت کی طرف سے ان کی سرپرستی جاری رہے گی۔

متعلقہ عنوان :