لیسکو ، اوور بلنگ، نئے کنکشنز اور لوڈ کے مسائل پر قابو پانے کی غرض سے دو فوکل پرسن مقرر ، لاہور چیمبر کے ساتھ مل کر کام کریں گے ،چیف ایگزیکٹو آفیسر قیصر زمان

جمعرات 26 نومبر 2015 19:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 نومبر۔2015ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے اوور بلنگ، نئے کنکشنز اور لوڈ کے مسائل پر قابو پانے کی غرض سے دو فوکل پرسن مقرر کیے ہیں جو لاہور چیمبر کے ساتھ مل کر کام کریں گے ۔یہ فیصلہ لیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر قیصر زمان نے لاہور چیمبر میں منعقدہ اجلاس کے موقع پر کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد، سینئر نائب صدر الماس حیدر، سابق صدور شاہد حسن شیخ، میاں مظفر علی اور فاروق افتخار نے بھی اس موقع پر خطاب کیا جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی اراکین بھی اجلاس میں موجود تھے۔

لیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا کہ لیسکو کے ٹیکنیکل ایڈوائزر چودھری محمد انور اور ڈائریکٹر کسٹمر سروسز محمد خالد نئے کنکشنز اور اووربلنگ کے معاملات دیکھیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لیسکو لائن لاسز پر قابو پانے کی ہر ممکن کوشش کررہا ہے جس کی بدولت صورتحال بتدریج بہتر ہوتی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریکوریز بھی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہیں جبکہ لائن لاسز کو کنٹرول کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیسکو نے پچھتر ہزار سمارٹ میٹرز نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے لاہور سے باہر والے سرکلرز میں لائن لاسز پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ لاہور چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد نے اپنے خطاب کے دوران چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکوکو تاجر برادری کے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے مسائل کے جلد حل کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ بھاری اوور بلنگ صنعتی و تجارت سرگرمیوں کو بْری طرح متاثر کررہی ہے کیونکہ بجلی صنعتوں کا اہم خام مال ہے اور اس کی قیمتوں میں اْتار چڑھاؤ کے اثرات پیداواری لاگت پر مرتب ہوتے ہیں۔

لاہور چیمبر کے ممبران نے اوور بلنگ کے بارے میں متعدد شکایات کی ہیں لہذا یہ مسئلہ جلد حل کیا جائے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ چودہ فیصد لائن لاسز بہت زیادہ ہیں، انہیں دس فیصد سے کم ہونا چاہیے۔ شیخ محمد ارشد نے کہا کہ بجلی سپلائی کے سلسلے میں صنعتوں کو ترجیح دی جائے کیونکہ معاشی خوشحالی کے لیے صنعتوں کا پہیہ چلنا ضروری ہے۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر الماس حیدر نے کہا کہ پاکستان میں بجلی کا نیا کنکشن لینا آسان نہیں، اس میں 179دن صرف ہوتے ہیں جبکہ کوریا میں صرف اٹھارہ دنوں میں کنکشن حاصل کیا جاسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ نئے کنکشن کے حصول کا دورانیہ کم کرنا اشد ضروری ہے۔

قبل ازیں لاہور چیمبر کے شعبہ تحقیق و ترقی نے پاکستان اور کوریا میں بجلی کے کنکشن لینے کے موضوع پر پریزنٹیشن پیش کی۔

متعلقہ عنوان :