ہمارا مذہب اقلیتوں اور غیر مسلم کے حقوق کے تحفظ کی مکمل ضمانت دیتا ہے ، ڈی سی او ،ڈی پی او جہلم

علماء کو شر پسندوں اور اشتعال پھیلانے والوں پر کڑی نظر رکھنی چاہئے ، علماء کرام سے خطاب

جمعرات 26 نومبر 2015 18:38

جہلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 نومبر۔2015ء) ہمارا مذہب اقلیتوں اور غیر مسلم کے حقوق کے تحفظ کی مکمل ضمانت دیتا ہے جسے علماء کرام ، تاجروں اور معززین شہر نے یقینی بنانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈی سی او ذوالفقار احمد گھمن ، ڈی پی او مجاہد اکبر خان نے ضلع اسمبلی ہال میں علماء کرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اے ڈی سی محمد عمران رضا عباسی، اے سی ڈاکٹر محمد آفاق وزیر، ممتاز علماء دین مولانا قاری محمد ابوبکر صدیق، مولانا قاری محمد عمر فاروق ، شیخ الحدیث قاری ظفر اقبال، شیخ الستاذ مولانا قاری عبدالودود، سنی علماء کونسل کے مولانا محمد اکرم صدیقی کے علاوہ علاقہ کی تمام مساجد کے خطباء اور آئمہ حضرات موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ افواہوں پر کان دھرنا اللہ تعالیٰ کے احکامات کے منافی ہے جبکہ ان چیزوں کو نا قابل معافی جرم ہے جبکہ تمام علماء کو شر پسندوں اور اشتعال پھیلانے والوں پر کڑی نظر رکھنی چاہئے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ممتاز عالم دین مولانا قاری محمد ابوبکر صدیق نے کہا کہ اس ضمن میں ہمیں بہت سے موبائل فون پر پیغامات آئے جن پر ہم نے اسلامی ضابطہ حیات کے تحت برداشت اور صبر کے دامن کو تھامے رکھا ۔

سنی علماء کونسل کے رہنماء مولانا محمد اکرم صدیقی نے کہا کہ اگر انتظامیہ اور ضلعی پولیس وقت پر حفاظتی اقدامات کر لیتی تو چب بورڈ فیکٹری کے جلائے جانے کا کوئی امکان نہیں تھا جبکہ جس نے قرآن پاک کی بے حرمتی کی اس کے خلاف 295/B کا مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا گیا لیکن اگر ضلعی پولیس احتجاج سے قبل پاکستان چب بورڈ فیکٹری کو حفاظت میں لے لیتی اور شر پسندوں کو موقع پر گرفتار کر لیتی تو شائد اس طرح اندوہناک واقعات نہ ہوتے ۔ انہوں نے پاکستان آرمی اور رینجرز کو خراج تحسین پیش کیا کہ ان کی وجہ سے معاملات درست ہوئے ہیں ۔ ڈی پی او مجاہد اکبر خان نے کہا کہ ہم نے جو لوگ گرفتار کئے ہیں ان کے متعلق ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں جبکہ کسی بے گناہ کے ساتھ زیادتی نہیں ہو گی۔