چوہدری نثار سے اقلیتی وفد کی ملاقات ،چکلالہ چرچ آتشزدگی کے متاثرین کیلئے12 لاکھ کا چیک دیا

جمعرات 26 نومبر 2015 18:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 نومبر۔2015ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہاہے کہ ملکی سلامتی اور تعمیر وترقی اور خوشحالی کیلئے اقلیتی برادری کا کردار اہم ہے ،حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے ، ذرائع نے بتایا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے سے چکلالہ چرچ کے متاثرین کے وفد نے ملاقات کی ،وزیر داخلہ نے 2014 ء میں کرسچن کالونی چکلالہ راولپنڈی میں مذکورہ چرچ آتشزدگی کے متاثرین کیلئے 12 لاکھ روپے کا چیک بھی دیا ہے،وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ برداشت ،مذہبی رواداری جیسی اعلی اقدار کی مضبوط اور فروغ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، دنیا میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی کے رجحانات پر قابو پانے کے لئے مذہبی رواداری اور برداشت کے جذبے کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے ،وزیر داخلہ نے کہا کہ عددی برتری یا طاقت کے زور پر کسی پر اپنے نظریات مسلط کرنا جمہوری اقدار اور اسلامی معاشرے کی نفری ہے ، حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے، ملکی سلامتی اور تعمیر و ترقی میں اقلیتی برداری کی بڑی قربانیاں ہیں جنہیں کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا