حکومت اقلیتوں کے تحفظ کے لئے پرعزم ہے، دنیا میں بڑھتی ہوئی انتہاء پسندی کے رجحانات پر قابو پانے کے لئے مذہبی رواداری اور برداشت کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی گفتگو

جمعرات 26 نومبر 2015 18:15

اسلام آباد ۔ 26 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 نومبر۔2015ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ حکومت اقلیتوں کے تحفظ کے لئے پرعزم ہے، دنیا میں بڑھتی ہوئی انتہاء پسندی کے رجحانات پر قابو پانے کے لئے مذہبی رواداری اور برداشت کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ جمعرات کو وزیر داخلہ کی طرف سے چکلالہ چرچ واقعہ کے متاثرین کے لئے 12 لاکھ روپے کا چیک مسیحی برادری کے حوالے کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی، تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لئے اقلیتی برادری کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے پرعزم ہے۔ جمہوری معاشرہ ہونے کے ناطے برداشت، مذہبی رواداری جیسی اعلیٰ اقدار کی مضبوط اور فروغ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ دنیا میں بڑھتی ہوئی انتہاء پسندی کے رجحانات پر قابو پانے کے لئے مذہبی رواداری اور برداشت کے جذبے کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عددی برتری یا طاقت کے زور پر کسی پر اپنے نظریات مسلط کرنا جمہوری اقدار اور اسلامی معاشرے کی نفی ہے۔ کرسچین کالونی چکلالہ میں واقع چرچ 2014ء میں آتشزدگی کا شکار ہوا تھا۔

متعلقہ عنوان :