وزیر اعظم محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور امریکی صدر کے سامنے کشمیر کا مسئلہ مدبرانہ انداز میں پیش کیا، ڈاکٹر آصف کرمانی

جمعرات 26 نومبر 2015 18:13

اسلام آباد ۔ 26نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 نومبر۔2015ء) وزیر اعظم کے سیاسی امور کے مشیر ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہاہے وزیر اعظم محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور امریکی صدر براک اوباما کے سامنے کشمیر کا مسئلہ دلیرانہ اور مدبرانہ انداز میں پیش کیا اور اسے کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں آزاد جموں کشمیر کے سابق صدر، وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سینئر نائب صدر سردار سکندر حیات سے ملاقات کے دوران کیا۔ ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر خارجہ پالیسی کا سر فہرست ایجنڈا ہے۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف کشمیر کے عوام سے خصوصی محبت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر آصف کرمانی نے سردار سکندر حیات کو وزیر اعظم محمد نواز شریف کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ وہ کشمیر کاز کیلئے ان کی جدوجہد اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ سردار سکندر حیات نے وزیر اعظم کے سیاسی امور کے مشیر ڈاکٹر آصف کرمانی کو آزاد خطہ کی صورتحال سے آگاہ کیا اور کہا کہ کشمیر کے عوام وزیر اعظم محمد نواز شریف سے والہانہ عقیدت رکھتے ہیں اور انکی مدبرانہ قیادت اور سیاسی بصیرت کے معترف ہیں۔

مسئلہ کشمیر پر واضح اور دو ٹوک موقف جو انہوں نے عالمی سطح پر اجاگر کیا وہ قابل ستائش ہے۔ دریں اثناء وزیر اعظم کے مشیر ڈاکٹر آصف کرمانی سے آزاد کشمیر کے صدر راجہ فاروق حیدرنے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے مرکزی ایڈیشنل جائنٹ سیکرٹری سردار عبدالخالق وصی ، ملک ذوالفقار ، طاہر انور اور دیگر سیاسی عمائدین بھی موجود تھے ۔ ملاقات کے دوران آزاد کشمیر میں پارٹی کے تنظیمی امور اور آئندہ انتخابات کے لائحہ عمل اور مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔