جنوبی وزیرستان میں نشپاجناتا روڈ کا افتتاح، پاک فوج نے فاٹا کے طول و عرض میں کئی ترقیاتی منصوبے مکمل کر لئے

جنوبی وزیرستان میں 19سکول، پانی کی 40سکیمیں اور واٹر پلانٹ کے منصوبے مکمل‘ 38 مساجد کی تعمیر اور تزئین و آرائش کی گئی ہے

جمعرات 26 نومبر 2015 18:08

پشاور۔26 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 نومبر۔2015ء ) جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل اظہر صالح عباسی نے جمعرات کو جنوبی وزیرستان میں نشپاجناتا روڈ کا افتتاح کیا۔ نشپاجناتا روڈ سے اہل علاقہ کو بہتر سفری سہولت حاصل ہو گی علاوہ ازیں کسان اپنی زرعی اجناس کھیتوں سے شہر تک جلد پہنچا سکیں گے۔سیکورٹی فورسز ذرائع کے مطابق پاک فوج نے فاٹا کے طول و عرض میں مختلف ترقیاتی منصوبے مکمل کر لئے ہیں جبکہ چند ایک تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔

(جاری ہے)

جنوبی وزیرستان کے تین سب ڈویژن تیارزہ، شکئی اور سراروغہ میں 19سکول، پانی کی 40 سکیمیں اور واٹر پلانٹ کے منصوبے مکمل کرلیے گئے ہیں جبکہ 38مساجد کی تعمیر اور تزئین و آرائش بھی کی گئی ہے۔ ان ترقیاتی منصوبوں کی بدولت مقامی افراد کو روزگار کے مواقع مہیا ہوئے اور اُن کے ذرائع آمدن میں اضافہ کا سبب بنے۔روڈ کی افتتاحی تقریب میں پولیٹیکل انتظامیہ اور علاقہ کے عمائدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ قبائلی مشران نے پاک فوج کی بحالی امن کی کوششوں کو سراہا اور ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کرنے پر شکریہ ادا کیا۔