313اشیاء پرریگولیٹری ڈیوٹی بڑھاناانتہائی تشویشناک ہے‘40ارب کابجٹ خسارہ پوراکرنے کیلئے عوام پرنئے ٹیکس لگائے جارہے ہیں‘گیس چوری کابوجھ صارفین پر ڈالنے سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگا

امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمدکی لاہور میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو

جمعرات 26 نومبر 2015 17:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 نومبر۔2015ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے حکومت کی جانب سے’’ اگلے72گھنٹوں میں 313اشیاء پر ریگولیٹری ڈیوٹی بڑھانے کی خبرپر‘‘تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ ملک میں پہلے ہی مہنگائی کے باعث غریب عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔عوام کودووقت کی روٹی بھی میسر نہیں۔ ایسے میں درآمدی پھلوں،سبزی،مشروبات،شیمپو،صابن،ٹوتھ پیسٹ،منرل واٹر اوردیگر اشیاء ضروریہ پرٹیکس بڑھانے سے عوامی مسائل میں پہلے سے زیادہ اضافہ ہوجائے گا ۔

موجودہ حکومت نے اگرچہ ملک میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا ہے جوکہ خوش آئند ہے مگرمہنگائی اور غربت کے خاتمے کے لئے بھی فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ملکی معاشی صورتحال بہتربناکر ہی ہم عوام کامعیار زندگی بلندکرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزلاہور میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے3104ارب کے ٹیکس اہداف کوپوراکرنے کیلئے آئی ایم ایف سے جووعدہ کیا ہے اس کابوجھ غریب عوام پرڈالاجارہا ہے۔

عوام کے خون پسینے کی کمائی کوٹیکسوں کے ذریعے وصول کرکے آئی ایم ایف کی سخت ترین شرائط کوپوراکرنادانش مندی نہیں۔چیف جسٹس سپریم کورٹ انورظہیرجمالی نے بھی نشاندہی کی ہے کہ ملک کوقرضوں سے چلایاجارہا اور خراب حکمرانی سے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔میاں مقصود احمد نے کہاکہ’’ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی‘‘ کے مطابق چوری کی جانے والی گیس کی قیمت قانونی صارفین سے وصول کرنے کے لئے ’’ان اکاؤنٹ فارگیس‘‘کی مدمیں ڈھائی فیصداضافے کی منظوری دے کر ان پر25ارب روپے کامزیدبوجھ ڈالنے کی راہ ہموارکردی ہے۔

دنیا کے کسی قانون کی روسے مجرم کی جگہ بے قصور کوسزانہیں دی جاسکتی ہے مگربدقسمتی سے پاکستان میں الٹی گنگا بہتی ہے۔حکومت عوام کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں کاکڑااحتساب کرے۔گیس چوری کرنے والوں سے مکمل وصولی کے لئے تمام مطلوبہ اقدامات کئے جائیں تاکہ اس کاسارابوجھ عوام پرنہ ڈالا جاسکے۔عوام خوشحال ہوں گے توملک خوشحال ہوگا۔