صوبائی زکوٰۃ کونسل نے مختلف مدات میں ایک ارب45کروڑ 32لاکھ کے اجراء کی منظوری دیدی

منظورکردہ رقم مستحقین تک بروقت پہنچائی جائے ورنہ سخت کارروئی ہوگی۔ چیئرمین صوبائی زکوٰۃکونسل

جمعرات 26 نومبر 2015 17:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 نومبر۔2015ء) صوبائی زکوٰۃ کونسل نے تعلیمی ادارہ جات ، دینی مدارس، گزارہ الاؤنس، ہیلتھ کیئر، شادی گرانٹ، تعلیمی وظائف فنی اور صوبائی سطح کے ہسپتالوں کیلئے دوسری ششماہی قسط کے طور پر ایک ارب 45کروڑ 32لاکھ 18ہزار روپے کے اجراء کی منظوری دے دی ہے۔اس امر کا فیصلہ چیئرمین صوبائی زکوٰۃ کونسل جسٹس (ر) اختر حسن کی زیرصدارت منعقدہ کونسل کے 160ویں اجلاس میں کیاگیا جس میں سیکرٹری زکوٰۃ و عشر حبیب الرحمن گیلانی، ایڈمنسٹریٹر زکوٰۃ پنجاب محمد یوسف بٹ، کونسل کے ممبران حافظ فضل رحیم اشرفی، حافظ زبیر احمد ظہیر، مولانا راغب حسین نعیمی، محمد اظہرفاروقی، محترمہ تنویر کوثر اور محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ، خزانہ اور سوشل ویلفیئر کے نمائندگان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کونسل نے پہلی ششماہی قسط 2015-16کی رقم میں سے صوبہ کے 10اضلاع کی ضلع زکوٰۃ کمیٹیوں کو 126تعلیمی اداروں میں زیرتعلیم3831مستحق طلباء و طالبات کیلئے ایک کروڑ 95لاکھ 82لاکھ 668روپے اور 11اضلاع کے 98دینی مدارس میں تعلیم حاصل کرنے والے 7194مستحق طلباء و طالبات کیلئے 2کروڑ 54لاکھ 44ہزار 214روپے جاری کرنے کی منظوری دی۔اجلاس میں دوسری ششماہی قسط 2015-16جوکہ جنوری 2016ء میں جاری کی جائے گی، گزارہ الاؤنس کی مد میں 58کروڑ 8لاکھ روپے کے اجراء کی منظوری دی جس سے 97ہزارمستحقین مستفید ہوں گے جبکہ کالجوں و یونیورسٹیوں کے مستحق طلباء و طالبات کیلئے 4کروڑ 6لاکھ 4ہزار ، صوبائی زکوٰۃ انتظامیہ سے الحاق رکھنے والے مدارس کے مستحق طلباء و طالبات کو وظائف کی مد میں 4کروڑ 6لاکھ 4ہزار روپے ، تحصیل و ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں مستحق مریضوں کے مفت علاج معالجہ کیلئے ہیلتھ کیئر کی مد میں 3کروڑ 69لاکھ 12ہزار ، نادار اور مستحق بچیوں کو شادی گرانٹ 20ہزار روپے فی کس کی مد میں 4کروڑ 42لاکھ 95ہزار ، پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کے تحت قائم ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس میں زیرتعلیم مستحق طلباء و طالبات کو 3ہزار روپے فی کس کے طور پر 51کروڑ روپے ، نابینا مستحق افراد کو ایک ہزار روپے فی مستحق کے حساب سے 4کروڑ50لاکھ ، احاطہ کوڑھیاں راولپنڈی میں رہائش پذیر جزام کے مستحق مریضوں کو ماہانہ گزارہ الاؤنس کی مد میں 6لاکھ روپے ، خودروزگارسکیم کے تحت ہنرمند مستحقین کو اپنے روزگار کیلئے فنڈز کی فراہمی کے لئے3کروڑ روپے اور صوبائی سطح کے ہسپتالوں /طبی اداروں میں قائم ہیلتھ ویلفیئر کمیٹیوں کے ذریعے مستحق مریضوں کے مفت علاج معالجہ کیلئے 12کروڑ 44لاکھ روپے کے اجراء کے علاوہ (سماجی بحالی سکیم)کے تحت مستحقین میں سلائی کڑھائی مشینیں اور آٹو رکشا فراہمی کے لئے طریقہ کار /قواعد و ضوابط کی منظوری دی گئی۔

اس سکیم کے لئے 2کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جس کے تحت مستحقین زکوٰۃ اپنا بہتر روزگار کما کر معاشرے کے بہتر شہری کے طور پر زندگی بسر کر سکیں گے۔چیئرمین صوبائی زکوٰۃ کونسل جسٹس (ر) اختر حسن نے کہاکہ منظورکردہ رقوم کو مستحقین تک فوری طور پر اور شفاف طریقے سے پہنچایاجائے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے بصورت دیگر ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔