چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ٹیم نے تشدد کا شکار 15سالہ بچی کو بازیاب کرواکے تحویل میں لے لیا

مالکن کیخلاف چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی طرف سے ایف آئی آر کروا دی گئی ،بچی کا میڈیکل کروایا جا رہا ہے‘ صباء صادق

جمعرات 26 نومبر 2015 17:24

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 نومبر۔2015ء)چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو صبا صادق کی ہدایت پرچائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ریسکیو ٹیم نے سمن آباد کے علاقہ سے تشدد کا شکار 15سالہ بچی کو بازیاب کرواکے تحویل میں لے لیا ۔ جڑانوالہ کی رہائشی نازیہ کو اس کی مالکن طیبہ نے کام ٹھیک طریقے سے نہ کرنے پر شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے اس بچی کی گردن، بازو اور جسم کے دیگر حصوں پر شدید چوٹیں آئیں۔

چائلڈ پروٹیکشن بیورو کو چائلڈ ہیلپ لائن1121 پر بچی پر تشدد کی اطلاع دی گئی جس پر چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیوروصبا صادق کی ہدایت پر بیورو کی ریسکیو ٹیم نے بچی کو بازیاب کروا کے فوری طور پر تحویل میں لے لیا گیا۔ بچی کے مطابق اس کے والدین جڑانوالہ میں رہتے ہیں اوراس کی مالکن اس کو گزشتہ ایک سال سے چھوٹی چھوٹی باتوں پر تشدد کا نشانہ بناتی رہتی ہے اور 6ماہ سے اس کو تنخواہ بھی نہیں دی۔

(جاری ہے)

اسکی پانچ بہنیں اور ایک بھائی ہے۔ چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو صبا صادق نے کہا کہ چائلڈپروٹیکشن بیورو نے تشدد کا شکار بچی کو تحویل میں لے لیاہے ۔مالکن کے خلاف چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی طرف سے ایف آئی آر کروا دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ بچی کا میڈیکل کروایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچی کے جسم پر شدید تشدد کے نشانات ہیں اور بچی کے والدین کو جڑانوالہ سے بلوا لیا گیا ہے۔ اس بچی کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی جانب سے ہر قسم کا تحفظ اور سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں اور مالکن کے خلاف قانونی کاروائی کی جا رہی ہے۔