وزیرمحنت راجہ اشفاق سرور کی زیرصدارت سکلز ڈویلپمنٹ سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 26 نومبر 2015 16:20

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔26 نومبر۔2015ء)صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی ہدایات کی روشنی میں پنجاب گروتھ سٹریٹجی 2018ء کے تحت صوبہ بھر کے نوجوانوں کو سکل ٹریننگ کی فراہمی کے ذریعے معاشی ترقی ، صنعتی پیداوار اور روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے 6ماہ پر محیط شارٹ ٹرم سکلزٹریننگ پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

تمام محکمے سکلز ڈویلپمنٹ کے حوالے سے رابطے مربوط بنائیں اور قابل عمل پلان جلدازجلد محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ میں جمع کروائیں۔انہوں نے یہ بات سکلز ڈویلپمنٹ کیلئے وزیراعلیٰ کی قائم کردہ سٹیئرنگ کمیٹی کے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وزیرخزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، وزیر زکوٰة و عشر ملک ندیم کامران، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ جہانزیب خان، سابق چیئرمین عرفان الہٰی ، چیئرمین ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ، سیکرٹری لیبر، سیکرٹری انڈسٹریز سمیت تمام متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایاگیا کہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کے احکامات کی روشنی میں صوبہ پنجاب کے ہنرمندنوجوانوں کو فنی تربیت اورروزگار کے وسیع مواقع فراہم کرنے کیلئے تمام محکمے اپنا ٹریننگ پروگرام ترتیب دے رہے ہیں جس کے تحت مارچ 2016ء تک محکمہ صحت 15ہزار لیڈی ہیلتھ ورکرز اور ساتھ ہی ساتھ ہیلتھ پروفیشنلز کو تربیت فراہم کرے گا

جبکہ محکمہ سکولز ایجوکیشن اورپنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل مشترکہ طور پر 7ہزار افراد کو مارچ 2016ء تک سرکاری سکولوں کی کمپیوٹر لیبز میں آئی ٹی سکلز بارے تربیت فراہم کریں گے۔

اسی طرح محکمہ لائیوسٹاک جون 2016ء تک مختلف دیہات کے 30ہزار افراد کو ویکسینیشن اور اینیمل انسیمینیشن بارے خصوصی تربیت کی فراہمی یقینی بنائے گا۔ اجلاس کو بتایاگیاکہ ٹیوٹا اور پی وی ٹی سی مارچ 2016ء تک مقامی صنعتکاروں اور تاجروں کے ساتھ نوجوانوں کی فنی تربیت اور روزگار کی فراہمی کیلئے 20ایم او یوز پرعملدرآمد جبکہ ٹیوٹا پنجاب ایکسپورٹ سیل کے ذریعے گلف ممالک میں ہنرمند افراد کو روزگار کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے معروف بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ رابطہ اور 3ایم او یو سائن کریں گے۔

اسی طرح پراجیکٹ ایمپلیمنٹیشن یونٹ، ٹیوٹا، پی وی ٹی سی اور پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کم ازکم 10پبلک انسٹی ٹیوٹس میں پائلٹ پرفارمنس بیسڈ فنڈنگ کریں گے۔ یہ پروگرام ستمبر2016ء تک مکمل کیا جائے گا جبکہ پراجیکٹ ایمپلیمنٹیشن یونٹ ایک خودمختار مانیٹرنگ سسٹم قائم کرے گا ۔ پنجاب ایکسپورٹ سیل غیرممالک میں ملازمت کے خواہش مند ہنرمند افراد اور گریجوایٹس کا ڈیٹا اوورسیز ایمپلائمنٹ آف پاکستان کیلئے تیارکرے گا جبکہ محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ ایمپلیمنٹیشن یونٹ انٹیرم کوارڈینیشن سیل کا قیام عمل میں لائے گا۔

اجلاس کو بتایاگیا کہ یہ سیل تمام متعلقہ سیکٹرز کو خصوصی تیکنیکی راہنمائی بھی فراہم کرے گا۔ اجلاس میں اپرنٹیس شپ کے تحت اس سال دسمبر تک 28ہزار جبکہ اگلے سال دسمبرتک 65ہزار سے زائد ملازمتیں اپرنٹیس شپ کی بنیادی پر فراہم کرنے کیلئے مختلف امور پر تبادلہ خیال بھی کیاگیا۔