نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کی تکمیل میں تاخیر کی ذمہ دار ماضی کی حکومتیں ہیں، زمین کے حصول کے معاملات عدالت میں ہونے کی وجہ سے بھی تاخیر ہوئی؛وزیر مملکت شیخ آفتاب کا قومی اسمبلی کو جواب

جمعرات 26 نومبر 2015 15:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 نومبر۔2015ء) تحریک انصاف کے رہنما غلام سرور خان کی جانب سے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کی بڑھتی ہوئی لاگت پر توجہ دلاؤ نوٹس پر وزیر مملکت شیخ آفتاب نے کہا کہ ایئرپورٹ میں تاخیر کی ذمہ دار ماضی کی حکومتیں ہیں اس کے علاوہ زمین کے حصول میں معاملات عدالت میں ہونے کی وجہ سے بھی تاخیر ہوئی ہے اس پر رکن قومی اسمبلی غلام سرور خان نے کہا کہ 2010 میں اس منصوبہ کو مکمل ہونا تھا جو اب 2020 میں مکمل ہونا نظر نہیں آ رہا اس کے علاوہ ایئرپورٹ منصوبہ کی لاگت 35 ارب سے بڑھ کر 85 ارب تک پہنچ گئی ہے ۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ نے ایف آئی اے اور نیب کو انکوائری کا حکم دیا تھا اس کی صورت حال بتائیں ۔ وزیر مملکت شیخ آفتاب نے کہا کہ انکوائری چل رہی ہے جیسے ہی مکمل ہو گی اس کی رپورٹ ایوان میں پیش کی جائے گی ۔ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے کہا کہ ایئرپورٹ کی تاخیر کی ذمہ داران کو سزا دی گئی ہے جس کا جواب دیتے ہوئے شیخ آفتاب نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر نیب اور ایف آئی اے اس پر تحقیقات کر رہے ہیں جیسے ہی مکمل ہو گی ایوان کو بتایا جائے گا انہوں نے مزید کہا کہ نیرایئرپورٹ منصوبہ 2016 تک مکمل کر لیا جائے گا ۔