اسلام آباد میں صفائی کی سہولیات کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، وزیر اعظم کے احکامات پر سی ڈی اے وزارت کیڈ کے ماتحت ہو چکا ہے; وزیر مملکت کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چودھری

جمعرات 26 نومبر 2015 15:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 نومبر۔2015ء) وزیر مملکت وفاقی انظامیہ و ترقی( کیڈ) ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں صفائی کی سہولیات کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے اس کے علاوہ شہریوں کو بھی صفائی کے حوالے سے آگاہی دینے کی اشد ضرورت ہے ۔ وزیر اعظم کے احکامات پر سی ڈی اے وزارت کیڈ کے ماتحت ہو چکا ہے وزارت کیڈ کے ماتحت ہونے سے اسلام آباد میں صفائی و دیگر حوالے سے سی ڈیاے کی کارکردگی میں مزید بہتری کی توقع کر رہے ہیں ۔

جمعرات کو وقفہ سوالات کے دوران مسلم لیگ(ن) کی راہنما نگہت پروین مہر کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا کہ اس وقت اسلام آباد میں صفائی کے حوالے سے 23 سینٹرز قائم ہیں جن میں سے 7 سینٹرز مختلف ایریاز میں کام کر رہے ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر کوڑا کرکٹ اٹھانے کا کام سرانجام دیتے ہیں اس موقع پر تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے کہا کہ پورے اسلام آباد میں صفائی کی صورت حال ابتر ہے ہمیں غلط بتایا جا رہا ہے اس پر وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا کہ میں پہلے بھی بتا چکا ہوں کہ اسلام آباد میں صفائی کے حوالے سے مزید کرنے کی ضرورت ہے اب سی ڈی اے وزارت کیڈ کے ماتحت ہو چکا ہے آئندہ آنے والے دنوں میں آپ مثبت تبدیلی ضرور دیکھیں گے ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ(ن) کی رکن قومی اسمبلی خالدہ صفدر نے کہا کہ عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کا حق ہے ۔ اسلام آباد میں صرف دو سرکاری ہسپتال کام کر رہے ہیں جن میں مریضوں کی تعداد بہت زیادہ ہے حکومت نے جی 15 کے ایریا میں 200 بستر پر مبنی ہسپتال بنانے کا منصوبہ بنایا تھا اس حوالے سے کیا صورت حال ہے اس پر وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا کہ جی پندرہ میں ہسپتال بنانے کا منصوبہ ہے اس حوالے سے سمری وزارت کی جانب سے سی ڈی اے کی جانب سے لکھی جا چکی ہے رواں مالی سال کے بجٹ میں اس کے لئے پیسے رکھنے کی تجویز دی تھی مگر پیسے مختص نہیں ہو سکے جیسے ہی ہوں گے اس پر کام شروع کر دیا جائے گا ۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ آج کی ماڈرن سینماؤں میں ٹکٹ کی شرح بہت زیادہ ہے عام آدمی مہنگے ٹکٹ برداشت نہیں کر سکتا کیا عوام کو سستی تفریح فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اس کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا کہ اس وقت سینماؤں کا کنٹرول پرائیویٹ لوگوں کے پاس ہے ۔ لوگ سیروتفریح کے لئے فلم دیکھنے آتے ہیں میں شیخ رشید کی بات سے اتفاق کرتا ہوں کہ فلم دیکھنے کے لئے ٹکٹ کی شرح کو کم کرنے کی ضرورت ہے ۔

متعلقہ عنوان :