لاہورہائیکورٹ نے بلدیاتی الیکشن کے نتائج میڈیا کومشروط طورپرنشر کرنے کے حکم میں یکم دسمبر تک توسیع کر دی،،،عدالت کا جواب داخل نہ کرانے پر پیمرا پر سخت اظہار برہمی،،،عدالت نے حکومت پنجاب کی جانب سے مبہم جواب مسترد کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو عدالتی معاونت کے لئے طلب کر لیا۔

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 26 نومبر 2015 14:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 نومبر۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد فرخ عرفان خان نے کیس کی سماعت کی۔پاکستان براڈ کاسٹرز ایسویسی ایشن کے وکیل غلام مرتضی چوہدری نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن نے کسی قانونی جواز کے بغیر بلدیاتی انتخابات کے نتائج میڈیا پر جاری کرنے پر پابندی عائش کر رکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود بلدیاتی انتخابات کے پہلے اور دوسرے مرحلے کے نتائج جاری کرنے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔

پیمرا مجرمانہ غفلت کا مرتکب ہو رہا ہے اور عدالتی حکم کے باوجود جواب داخل نہیں کرایا جا رہا۔حکومت پنجاب کے وکیل نے جواب داخل کراتے ہوئے کہا کہ انتخابی نتائج پرپابندی میں حکومت پنجاب کا کوئی کردار نہیں۔

(جاری ہے)

سرکاری وکیل نے پیمرا کی جانب سے جواب داخل کرنے کے لئے عدالت سے مزید مہلت کی استدعا کی۔جس پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پیمرا جیسا اہم ادارہ غفلت کا مظاہرہ کر رہا ہے جس کی وجہ سے عدالتی کاروائی آگے نہیں بڑھ رہی،،،اگر پیمرا نے کام نہیں کرنا تو اسے بند کر دیا جائے۔

عدالت نے حکومت پنجاب کی جانب سے مبہم جواب کو مسترد کردیا،عدالت نے حکومت پنجاب کوتفصیلی جواب داخل کرنے کی ہدائت کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو بھی عدالتی معاونت کے لئے طلب کر لیا۔عدالت نے پیمرا کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے یکم دسمبر کو تفصیلی جواب داخل کرنے کی ہدائت کر دی۔