لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینل کونسل ایکٹ کے خلاف دائر درخواست کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کرتے ہوئے پی ایم ڈی سی سے متعلق دائر ہونے والی تمام پٹیشنز کا ریکارڈ طلب کر لیا۔

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 26 نومبر 2015 14:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 نومبر۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار ڈاکٹر عبدالمنان کے وکیل ملک اویس خالد نے موقف اختیار کیا کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ایکٹ کے تحت گلگت بلتستان کو کوئی نمائندگی نہیں دی گئی جو کہ اس صوبے میں بسنے والی پاکستانیوں سے امتیازی سلوک کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ اس ایکٹ کے تحت پیشہ ور پروفیسروں اور ڈاکٹروں کی نمائندگی کو کم کر سرکاری ملازمین کی نمائندگی کو بڑھا دیا گیا ہے جو کہ آئین پاکستان سے متصادم اور قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پی ایم ڈی سی کے پانچ دسمبر کو ہونے والے انتخابات کو اس وقت تک روکا جائے جب تک گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹروں کو نمایندگی کا حق دینے کی منظوری نہیں دی جاتی۔جس پر عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کرتے ہوئے عدالت عالیہ لاہور میں پی ایم ڈی سی کے خلاف زیر سماعت تمام پٹیشنز کا ریکارڈ عدالت میں پیش کرنے کی ہدائت کر دی۔