اسلام آباد بلدیاتی انتخابات؛ الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جُرمانے اور قید کی سزائیں مقرر کر دیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 26 نومبر 2015 13:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 26 نومبر 2015 ء) : اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے سزائیں مقرر کر دیں. الیکشن کمیشن کے کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے دوران پولنگ میں رکاوٹ، پولنگ اسٹیشن پر قبضہ یا پولنگ رکوانے پر 3 سال قید، 1 لاکھ روپے تک جرمانہ کیا جائے گا، جبکہ آر او اور ڈی آر او ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرموقع پر ہی سزا دینے کے مجاز ہوں گے۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ پولنگ اسٹیشن کے قریب لاؤڈ اسپیکر کے استعمال، شور شرابے اور بدنظمی پر 3ماہ قید، 2 ہزار روپے جُرمانہ ، رشوت دے کر ووٹ کیلئے مائل کرنا یا جعلی ووٹ ڈالنے پر 3 سال قید اور 5 ہزار روپے جُرمانہ، بیلٹ پیپر خراب کرنےیا بیلٹ باکس کی سیل توڑنے پر 6ماہ قید اور 2ہزار روپے تک جرمانہ کیاجائے گا۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ عملے کو راز داری برقرار نہ رکھنےپر 6ماہ قید اور 2ہزار روپے جرمانہ، سرکاری ملازم کی جانب سے انتخابات جیتنے میں مدد پر 2برس قید اور 2ہزار جرمانہ ہوگا جبکہ آر او، ڈی آر او سمیت پولنگ عملے کی ڈیوٹی سے غفلت پر 2 سال تک قیدہوسکتی ہے.

واضح رہے کہ 30 نومبر کو اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ ہو گی جس کے لیے بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا کام فوج کی نگرانی میں 28 نومبر ہو گا.