صاحبزادہ طارق اللہ نے اراکین پارلیمنٹ میں تفہیم القرآن کے 6جلدوں پر مشتمل مکمل سیٹ تحفتاً تقسیم کئے

جمعرات 26 نومبر 2015 13:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 نومبر۔2015ء) قومی اسمبلی میں جماعتِ اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ نے اراکین قومی اسمبلی و سینیٹ میں تفہیم القرآن کے 6جلدوں پر مکمل سیٹ تقسیم کئے، اس سلسلے میں صاحبزادہ طارق اللہ نے پارلیمنٹ لاجز میں ہر رکن پارلیمنٹ کے گھر جاکر اُنہیں یہ سیٹ تحفتاً پیش کیے۔ اس موقع پر الہدیٰ انٹرنیشنل ٹریولز کے چیف ایگزیکٹیو سہیل غوری بھی اُن کے ہمراہ تھے۔

اراکینِ پارلیمنٹ نے تفہیم القرآن کے سیٹ ملنے پر صاحبزادہ طارق اللہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیّد ابوالاعلیٰ مودودی برصغیر ہی نہیں پوری دنیا کے عظیم اسلامی سکالر کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں، اسلام اورقرآن کے لیے اُن کی تفسیر ”تفہیم القرآن“ آسان اور سلیس انداز میں تحریر کی گئی ہے، جس کے باعث ہر خاص و عام کو اس کے ذریعے سے قرآن کریم کا مطالعہ کرنے اور اُسے سمجھ کر عمل کرنے میں بے حد آسانی ہوجاتی ہے۔

(جاری ہے)

اراکین پارلیمنٹ نے یہ بھی کہا کہ مولانا مودودی علیہ الرحمة کی ”تفہیم القرآن“ کے مطالعے کی بدولت ماضی کے نامور کمیونسٹس، غیر مسلم دائرہٴ اسلام میں داخل ہوئے، اور انہوں نے اسلامی طرز زندگی کو ہی اپنی دنیا و آخرت کی بھلائی کے لیے واحد نظریہ حیات کے طور پر قبول کرلیا۔صاحبزادہ طارق اللہ نے ”تفہیم القرآن“ کے مکمل سیٹ کا یہ تحفہ بعض اراکین کو پارلیمنٹ اجلاس کے اختتام پر پارلیمنٹ ہاوٴس کی راہداری میں بھی پیش کیا۔

اراکینِ پارلیمنٹ نے نہ صرف اس تحفہٴ عظیم کو اپنے لیے خوش بختی اور سعادت کا باعث گردانا بلکہ اِن کے باقاعدہ مطالعے کا یقین بھی دلایا۔ جن پارلیمنٹرینز کو ”تفہیم القرآن“ کے یہ سیٹ تحفتاً دیے گئے اُن میں مسلم لیگ ن، پاکستان تحریکِ انصاف، پاکستان پیپلز پارٹی، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی، جمعیت علمائے اسلام، قومی وطن پارٹی، نیشنل پارٹی (بلوچستان)، ایم کیو ایم، مسلم لیگ فنکشنل، مسلم لیگ ق، فاٹا سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ (قومی اسمبلی و سینیٹ)سمیت تمام پارلیمانی پارٹیوں کے سربراہان، وزیر اعظم، وفاقی وزراء، اپوزیشن لیڈرز، لیڈرز آف دی ہاوٴسز اور دیگر اراکین (مرد و خواتین) شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :