پاکستان روسی طیارے کے مار گرائے جانے کی بعد کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے ، تمام مسائل کا پرامن حل بات چیت کے ذریعے نکالنے کے حامی ہیں، پیرس حملوں کے بعد مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم کا سلسلہ اور کسی دہشت گردی کے واقعہ کو اسلام کے ساتھ جوڑا جانا افسوسناک ہے،بھارت سے مذاکرات کیلئے پاکستان کا موقف واضح ہے، پاکستان غیر مشروط مذاکرات چاہتا ہے ،پاکستان کو مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تشویش ہے

ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ کی میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ

جمعرات 26 نومبر 2015 13:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 نومبر۔2015ء) ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان روسی طیارے کے مار گرائے جانے کی بعد کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے ، تمام مسائل کا پرامن حل بات چیت کے ذریعے نکالنے کا حامی ہے، پیرس حملوں کے بعد مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم کا سلسلہ اور کسی بھی دہشت گردی کے واقعہ کو اسلام کے ساتھ جوڑا جانا افسوسناک ہے،بھارت سے مذاکرات کیلئے پاکستان کا موقف واضح ہے، پاکستان غیر مشروط مذاکرات چاہتا ہے ،پاکستان کو مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تشویش ہے ۔

وہ جمعرات کو میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ دے رہے تھے۔ ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ نے کہا کہ روس اور ترکی کے مسئلے پرپاکستان گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی پر تشویش ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیرس حملوں کے بعد مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم کا سلسلہ اور کسی بھی دہشت گردی کے واقعہ کو اسلام کے ساتھ منسلک کرنا درست نہیں ہے،فرانس میں حالیہ دہشت گرد حملوں کے بعد مسلمانوں کے خلاف نفرت میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ پیشگی شرائط کے بغیر کشمیر سمیت بات چیت کیلئے تیار ہیں۔ بھارت سے مذاکرات کیلئے پاکستان کا موقف واضح ہے، پاکستان غیر مشروط مذاکرات چاہتا ہے، بھارت اپنے ایجنڈے کے تحت مذاکرات چاہتا ہے جو قبول نہیں۔